سفارش ،دھونس دھاندلی ،کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کو دفن کرنے تک چین سے نہیںبیٹھوںگا‘ یوم پاکستان کے تاریخی دن کے موقع پر میرا وعدہ ہے سماجی، معاشی اور معاشرتی انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘قائد اعظم کے ویژن کے مطابق ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں انصاف کا بول بالا ہو ، قانون کی حکمرانی اور ہر شہری کو یکساں حقوق حاصل ہوں‘ہم نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے، عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے،

وزیر اعلی پنجاب کی مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو

جمعرات 23 مارچ 2017 19:51

سفارش ،دھونس دھاندلی ،کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کو دفن کرنے تک چین ..
لاہور۔23 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے عظیم اور تاریخی دن کے موقع پر میرا قوم سے وعدہ ہے کہ آخری بچے کے سکول داخلے، غربت ، بے روزگاری ، جہالت کے اندھیرے دور کرنے ، سفارش ، دھونس دھاندلی، کرپشن، ناانصافی اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کو ہمیشہ کے لئے دفن کرنے تک چین سے نہیںبیٹھوںگا اور اس سفر میں معاشرے کے ہر طبقے کو میرا ساتھ دینا ہے اور ہم سب نے مل کرایک ٹیم کے طور پر اس مشکل سفر کو طے کرنا ہے - قرار داد پاکستان کی لاج رکھتے ہوئے محنت، امانت، صداقت اور دیانت کو شعار بنا کر آگے بڑھنا ہے -ملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں ایسی فلاحی اسلامی ریاست بنانا ہے جہاں ہر شہری کو بلاامتیاز رنگ و نسل آگے بڑھنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں - انصاف ، میرٹ اور قانون کی حکمرانی سکہ رائج الوقت ہو اوراس منزل کے حصول کے لئے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے - سفر مشکل اور طویل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ تحریک قیام پاکستان اورقرار داد پاکستان والے جذبے کو زندہ کر کے ہم منزل حاصل کرسکتے ہیں - وزیر اعلی شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کے روز ان سے ملاقات کی-وزیر اعلی شہباز شریف نے کہاکہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک انتہائی اہم دن ہے - 23 مارچ 1940 ء کو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں ہندوستان کے کونے کونے سے مسلمان منٹوپارک میں اکٹھے ہوئے اور قائد اعظم ؒکی کرشماتی قیادت میں صرف 7 سال کے عرصہ میں مسلمان ایک علیحدہ مملکت کے حصول میں کامیاب ہوئی-قائد اعظمؒ کی قیادت میں اکٹھے ہونے والے سب لوگ متحد اور پرعزم تھے اور ایک نیک مقصد کے لئے جدوجہد میں شریک تھی-ان میں نہ کوئی شیعہ تھا اور نہ کوئی بریلوی ، نہ ہی کوئی اہل حدیث اورنہ کوئی دیوبند ، سب کے سب متحد ہو کر ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے تھی- انہوں نے کہاکہ ہمیں جائزہ لینا ہے کہ اس تاریخی دن کو گزرے 77 سال ہو چکے ہیں کیا ہم نے قائد اعظمؒ کی روح اور تحریک پاکستان کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوںکے ساتھ کیا انصاف کیا ہے انہوںنے کہا کہ یوم پاکستان کے تاریخی دن کے موقع پر میرا وعدہ ہے سماجی، معاشی اور معاشرتی انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے ، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کو ختم کریں گے اورکسی صورت عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے - انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور خدمت خلق کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا-انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے اور تمام منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کئے جا رہے ہیں - انہوںنے کہا کہ ملک کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانے کیلئے محنت، امانت اور دیانت کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے آگے بڑھیں گے اور انشاء اللہ قائد اعظم کے ویژن کے مطابق ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں انصاف کا بول بالا ہو ، قانون کی حکمرانی اور ہر شہری کو آئین کے مطابق بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب یکساں حقوق حاصل ہوں۔