مریدکی: یوم پاکستان کے حوالے سے مختلف سرکاری و نجی اداروں میں تقریبات

جمعرات 23 مارچ 2017 19:05

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2017ء) یوم پاکستان کے حوالے سے شہر اور اس کے گردو نواح میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کی طرف سے پروگراموںکا انعقاد کیا گیا جس میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نارتھIII کے زیر اہتمام 'روڈ سیفٹی سیمینار'اور روڈ یوزرز میں انعامات کی تقسیم، 'اقبال کا شاہین سٹوڈنٹس آرگنائزیشن 'کی طرف سے آل سکولز تقریری مقابلے اور متحدہ پریس کلب مریدکے کے دفتر میں پرچم کشائی کی تقریب شامل تھی۔

ریجنل آفس کامونکے میں منعقدہ 'روڈ سیفٹی'سیمینار سے سی پی او مریدکے بابر حسین، ایس پی او سید وصی حیدر شاہ، ایس پی او خادم حسین،ایس پی او اقبال بٹ ،میڈیا ایڈوائزر این ایچ اینڈ ایم پی محمد قوی حیدر شاہ، قومی اخبار کے چیف ایڈیٹر، متحدہ پریس کلب(رجسٹرڈ) مریدکے کی سپریم کونسل کے چیئر مین سید سجاد الحسن شیرازی، صدر سید قاسم علی شاہ اور سیکرٹری سعادت علی نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے ٹریفک حادثات کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع کی روک تھام کے لیے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد پر زور دیا اور حاضرین کی کثیر تعداد سے وعدہ لیا کہ وہ خود بھی محفوظ ڈرائیونگ کریں گے اور دوسروں کو بھی اس پر عمل کرنے کی تلقین کریں گے۔ ایس پی او سید وصی حیدر شاہ نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال بیس ہزار سے زائد افراد ٹریفک حادثات کے نتیجے میں موت کا شکار ہو جاتے ہیں جبکہ پچا س ہزار کے قریب زخمی ہو کر زندگی کو روگ لگا لیتے ہیں۔

ٹریفک حادثات کے ذریعے انسانوں کی اموات 9بڑی وجہ ہے اور اگر ہم نے ان پر کنٹرول نہ کیا تو 2030تک یہ پانچوں بڑی وجوہات میں شامل ہو جائے گی۔ گاڑیوں کی ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ باندھنا، موبائل فون سننے سے گریز کرنا، لائن اور لین کی پابندی کرنا، موٹر سائیکل سواروں کا ہیلمٹ اور شیشوں کا استعمال کرنا معمول بنا کر حادثات کی شرح میں خاطر خواہ کمی کا باعث بن سکتا ہے۔

سیمینار کے بعد ٹال پلازہ کامونکے اور انٹر چینج کالا شاہ کاکو کے مقام پر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کی طرف سے بچوں ، خواتین اور قوانین پر عمل کرنے والے ڈرائیور حضرات میں قومی پرچم اور تحائف تقسیم کئے گئے۔ دوسری تقریب جماعت قاسمیہ فیروزیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر نگرانی اقبال کا شاہین سٹوڈنٹس آرگنائزیشن مریدکے کے زیر اہتمام بلدیہ ہال مریدکے میں منعقد کی گئی جس میں تحصیل بھر کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کے درمیان 'یوم پاکستان'کے موضوع پر تقریری مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔

چیئر مین بلدیہ مریدکے میاں شبیر احمد، کونسلر میاں کبیراحمد اور ایم این اے رانا افضال حسین کے پرسنل سیکرٹری کونسلر سید اعجاز الحسن شیرازی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تیسری تقریب کے دوران متحدہ پریس کلب(رجسٹرڈ) مریدکے کے زیر اہتمام صدر سید قاسم علی شاہ، چیئر مین عبد المجید چوہان، سیکرٹری میاں سعادت علی اور چیئر مین سپریم کونسل سید سجاد الحسن شیرازی نے دیگر ساتھیو ں کے ہمراہ دفتر پریس کلب پر پرچم کشائی کی اور پاکستان کی سا لمیت اور ترقی کے لیے دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :