گورنر سندھ کی پاکستان ڈے فلائی پاسٹ 2017 ء اور ائیر شو میں شرکت

جمعرات 23 مارچ 2017 19:04

گورنر سندھ کی پاکستان ڈے فلائی پاسٹ 2017 ء اور ائیر شو میں شرکت
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے پاک فضائیہ کی سی ویو پر منعقدہ پاکستان ڈے فلائی پاسٹ 2017ء اور ائیر شو میں شرکت کی۔ ائیر شو میں میراج،جے ایف 17،ایف 16 ،بلاک 52 اور دیگر طیاروں کی فارمیشن نے حصہ لیا تھا۔ فلائی پاسٹ شو میں ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل سلمان احسن بخاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

گورنر سندھ نے فلائی پاسٹ میں حصہ لینے والے پائلٹس سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی مہارت کی تعریف بھی کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک فضائیہ ملک کا فخر ہے، یہ ملک کی فضائی حدود کی حفاظت اور نگرانی کا اہم فریضہ احسن طریقہ سے انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم قیادت میں تمام تر سازشوں کے باوجود مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا بلاشبہ پاکستان لا زوال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا تھا، آج کا دن ہمیں پاکستان کے لئے عملی جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے موجودہ حالات ہم سے بھرپور قومی یکجہتی اور اتحاد کا تقاضہ کر رہے ہیں، آج کے دن ہمیں ملکی استحکام ، اتحاد و اتفاق اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کرنا چاہئے، ہمیں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کے استحکام و ترقی کو فوقیت دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :