حریت رہنمائوں کی یوم پاکستا ن پر حکومت پاکستان اور عوام کو مبارکباد

کشمیری بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کے مشکور ہیں، سید علی گیلانی اور دیگر

جمعرات 23 مارچ 2017 18:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے یوم پاکستان پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کا کی مسلم دنیا میں ایک اہم سیاسی حیثیت ہے اور یہ نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ تمام دنیا کے مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز ہے ۔

سید علی گیلانی نے کہ پاکستان کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی گئیں ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد مسلمان ملک ہے جو کشمیریوں کی بھر پور سیاس ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے جس کیلئے کشمیری اسکے بھر پور شکر گزار ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھی ایک بیان میں یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی بھر پور اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی مدد کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈ یموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے یوم ِ پاکستان کے موقع پر پاکستانی عوام اورحکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیام پاکستان کی بنیادوں میںلاکھوں افراد کا مقدس خون شامل ہے۔ انہوں نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ اپنے وطن کے خلاف اغیار کی سازشوں کا متحد ہو کر مقابلہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلمانانِ عالم کیلئے ایک پناہ گاہ کی حیثیت رکھتا ہے اور مملکت خدادادکی سلامتی اور استحکام دنیائے اسلام کیلئے اولین حیثیت رکھتے ہیں۔

شبیر احمد شاہ نے قراداد پاکستان کو بر صغیر کی تاریخ کا ایک اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کیلئے ایک عظیم مملکت کا خواب شاعرمشرق علامہ اقبال ؒنے دیکھا تھا اور اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح نے ان تھک محنت کی اور اسے عملی جامہ پہنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود اردیت کا ایک بے باک وکیل ہے اور کشمیریوں کے دل بھی پاکستان کے لیے ہی دھڑکتے ہیں۔

شبیر احمد شاہ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اورآبرومندانہ حل تک اپنی پرخلوص کوششیں جاری رکھے گا۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ23 مارچ اس خطے کے مسلمانوں کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ 1940میں اس روز اس مسلمانان برصغیر کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کے بارے میں متفقہ طور پر ایک قرار داد پاس کی گئی تھی اور صرف7 برس کی قلیل مدت میں پاکستان معرض وجود میں آگیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوںنے محمد علی جناح کی قیادت میں اس قرارداد کی عمل آوری کیلئے خلوص نیت سے کام کیا اور کامیاب ہوئے ۔جموںوکشمیر ماس موومنٹ کی چیئرپرسن فریدہ بہن جی اور وائس آف وکٹمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالقدیر ڈار نے بھی اپنے بیانات میں یوم پاکستان پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد دی ہے۔ جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے مملکت خداد اد کی سلامتی اور تحفظ کیلئے دعا کی۔

تنظیم کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں جاری ایک بیا ن میں کہا کہ ایک مضبوط و مستحکم پاکستان جنوبی ایشیا کے پورے خطے کی سلامتی اور امن کیلئے ناگزیر ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان میں ہی کشمیر کی آزادی کا راز مضمر ہے۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کے لیے بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ حریت رہنمائوں ظفر اکبربٹ ، یوسف نقاش, مختار احمد وازہ ,امتیازاحمد ریشی اور دیگر نے بھی اپنے بیانات میں یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی دعاکی۔