یوم پاکستان کے موقع پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پر وقار تقریب ، سپیکر پنجاب اسمبلی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت ،اللہ اکبر اورپاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے، آتش بازی

پنڈال میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ گئی ‘ ڈھول کی تھاپ نے حاضرین میں جوش ولولہ بھر دیا

جمعرات 23 مارچ 2017 18:32

یوم پاکستان کے موقع پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پر وقار تقریب ، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پر وقار تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہریوں نے اللہ اکبر اورپاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ پنڈال میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ گئی ‘ ڈھول کی تھاپ نے حاضرین میں جوش ولولہ بھر دیا‘ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال بھی تقریب میں شریک ہوئے ‘ تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو لاہور میں واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پر وقار تقریب ہوئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پریڈ کا پنڈال عوام سے بھر گیا ‘ شہریوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ شرکاء کا جذبہ حب الوطنی عروج پر نظر آیا۔ پریڈ دیکھنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ پنڈال میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ گئی جبکہ ڈھول کی تھاپ نے حاضرین میں جوش ولولہ بھر دیا۔ تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر رینجرز کے کڑیل جوانوں نے پریڈ بھی کی۔ …(رانا)