جدہ میں پاکستان قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر 77 ویں یوم پاکستان کی پروقار تقریب کا انعقاد

جمعرات 23 مارچ 2017 18:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) جدہ میں پاکستان قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر 77 ویں یوم پاکستان کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا اور تقریب میں پاکستانی مردوں، خواتین اور سکول کے بچوں سمیت قونصلیٹ کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے پاکستانی پرچم لہرایا اور اس موقع پر قومی ترانا بھی بجایا گیا جس کے احترام میں تقریب میں موجود تمام افراد کھڑے ہو گئے۔

جدہ سے موصول ہونے والے پیغام کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور یہ تزویراتی تعلقات انتہائی خوشگوار ہیں جو ہر وقت میں مستحکم رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات مستقبل میں بھی اعتماد، عزت اور دوستی کے فروغ کی خواہشات کی بنیادوں پر مزید مستحکم ہونگے۔

پاکستان کی اقتصادی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مثبت نتائج دے رہی ہے جس کی عالمی مالیاتی فنڈ سمیت کئی بین الاقوامی اقتصادی فورمز بھی تصدیق کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح ترقی 4.7 فیصد رہی ہے جو رواں مالی سال کے دوران 5.2 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے جو موجودہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی قومی معیشت کے استحکام کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں جن کی محنت سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو گیم چینجر منصوبہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہونگی۔

انہوں نے قونصلیٹ جنرل کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے خدمات کی فراہمی پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ پاکستانی برادری آن لائن پاسپورٹ حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے سعودی حکومت کی ایمنسٹی سکیم کی بھی تعریف کی اور پاکستانی برادری سے کہا کہ سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی اس سکیم سے فائدہ اٹھا کر وطن واپس جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں سفارتکاروں، اعلیٰ سعودی حکام سمیت سعودی عرب میں مقیم پاکستانی برادری نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :