23مارچ1940ء کادن ہماری قومی تاریخ کا سنگِ میل اور جدوجہد آزادی کا اہم موڑ ہے،اس دن مسلمانانِ برصغیر نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں اپنے لئے ایک واضح نصب العین یعنی ایک آزاد اور خود مختار مملکت کے حصول کا تعین کیا تھا، پاکستان تحفہٴ خداوندی ہے جس کی قدر و منزلت اور تحفظ ہمارا مقصدِ حیات ہونا چاہیے ،ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے‘ ہم متحد رہیں گے تو دشمن اپنے مذموم عزائم کبھی پورے نہ کرسکے گا،چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ کا ’’یوم پاکستان‘‘ کی تقریب سے خطاب

جمعرات 23 مارچ 2017 18:08

23مارچ1940ء کادن ہماری قومی تاریخ کا سنگِ میل اور جدوجہد آزادی کا اہم ..
لاہور۔23 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) 23مارچ1940ء کادن ہماری قومی تاریخ کا سنگِ میل اور جدوجہد آزادی کا اہم موڑ ہے،اس دن مسلمانانِ برصغیر نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں اپنے لئے ایک واضح نصب العین یعنی ایک آزاد اور خود مختار مملکت کے حصول کا تعین کیا تھا۔ پاکستان تحفہٴ خداوندی ہے جس کی قدر و منزلت اور تحفظ ہمارا مقصدِ حیات ہونا چاہیے۔

ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے‘ ہم متحد رہیں گے تو دشمن اپنے مذموم عزائم کبھی پورے نہ کرسکے گا۔ ان خیالات کا اظہارسابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں ’’یوم پاکستان‘‘ کی خصوصی تقریب سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانان خاص تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکنان تھے۔

اس موقع پر وائس چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد ، معروف قانون دان جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، سابق وفاقی وزیر قانون ایس ایم ظفر، سجادہ نشین آستانہٴ عالیہ علی پور سیداں پیر سید منور حسین جماعتی، کرنل(ر) سلیم ملک کارکنان تحریک پاکستان،اساتذہٴ کرام، طلبا وطالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کثیر تعداد میں موجود تھے۔

محمد رفیق تارڑ نے حاضرین کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظمؒ نہ بکتے تھے اور نہ جھکتے تھے۔ ان کا سب سے بڑا ہتھیار سچ تھا اور انہوں نے سچ کی طاقت سے ہی مسلمانان برصغیر کو آزادی کی نعمت دلائی۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا مارچ1940ء کے اس تاریخی اجلاس میں موجود تھا جہاں قرارداد پاکستان منظور ہوئی ۔بیگم خالدہ منیر الدین چغتائی نے کہا کہ آج کا دن وعدے کا دن ہے۔

کرنل(ر) سلیم ملک نے کہا کہ نوجوان نسل پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ ملک کی خاطر ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ کرنل(ر) اکرام اللہ نے بتایا کہ قائداعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ نے ایک ویژن کے ذریعے پاکستان بنایا تھا۔ وہ اسے اسلامی نظام حیات کی تجربہ گاہ بنانا چاہتے تھے۔ اب ہمارا فرض ہے کہ پاکستان کو جدید اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنائیں۔

اس مقصد کیلئے یکجہتی اور ڈسپلن کی ضرورت ہے۔ چوہدری محمد طفیل نے کہا کہ 23مارچ1940ء کی قرارداد کے ذریعے ایک روشن رستے کا تعین ہو اتھا ،شاہد رشید نے کہا کہ 23مارچ1940ء کو مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ کی قیادت میں اپنے لئے واضح نصب العین کا تعین کیا ۔ اس موقع پر نظریہٴ پاکستان رابطہ کونسل کی تیار کردہ دستاویزی فلم بھی حاضرین کو دکھائی گئی۔

قبل ازیں ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور کے احاطہ میں محمد رفیق تارڑ نے کارکنان تحریک پاکستان کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم بھی ادا کی ،اس موقع پر ملکی تعمیروترقی اور استحکام کیلئے دعا کی گئی ۔ بعدازاں حاضرین نے یادگار شہدائے تحریک پاکستان پرحاضری دی۔ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، تحریک تکمیل پاکستان اور میئر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید کی طرف سے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے گئے اور قاری نصیر احمد قادری نے شہداء کے بلندئ درجات کیلئے دعا کروائی۔

متعلقہ عنوان :