مری میں جدید ہسپتال اور یونیورسٹی کے منصوبوں سمیت مختلف میگا پروجیکٹ پر کام کا آغاز جلد کر دیا جائے گا ، اسسٹنٹ کمشنر عارف اللہ اعوان

جمعرات 23 مارچ 2017 17:11

مری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف مری کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، جلد ہی مری میں جدید ہسپتال اور یونیورسٹی کے منصوبوں سمیت مختلف میگا پروجیکٹ پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا ،ہسپتال گرین ولا ریسٹ ہائوس کی جگہ پر جبکہ یونیورسٹی جیکا گلی کے قریب ڈیری فارم کے مقام پر تعمیر کی جائے گی جس میں وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی اور صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور بھی خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ جنرل ہسپتال کے پہلے فیز میں گائنی،ایمرجنسی اور شعبہ حادثات کی تعمیر 31 دسمبر 2017 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن مری و اسسٹنٹ کمشنر عارف اللہ اعوان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تحصیل ہیڈ کواٹر مری کی آپ گریڈیشن کے منصوبہ پر بھی کام جاری ہے جبکہ ڈاکٹرز اور عملہ کی رہائش گاہوں کے منصوبہ پر بھی کام شروع کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے واٹر سپلائی سکیموں کی مد میں بجلی کے بلز کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے خصوصی فنڈز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں ۔عارف اللہ اعوان نے کہا کہ ایک نئی واٹر سپلائی سکیم بھی شروع کی جا رہی ہے جس پر 10 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی جس سے 5 لاکھ گیلن پانی یومیہ حاصل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :