گاڑیوں کے ٹیکس نادہندگان کیخلاف مہم جاری، 6378 گاڑیوں کے کاغذات چیک کئے گئے

جمعرات 23 مارچ 2017 16:08

گاڑیوں کے ٹیکس نادہندگان کیخلاف مہم جاری، 6378 گاڑیوں کے کاغذات چیک کئے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی جانب سے گاڑیوں کے ٹیکس نادہندگاں کیخلاف 20 مارچ سے شروع کی جانے والی مہم کے دوران اب تک 6378 گاڑیوں کے کاغذات چیک کئے گئے۔جن میں 3136 گاڑیوںکو کراچی میں ، 1151 کو حیدر آباد ،577 کو سکھر ،516 کو لاڑکانہ ،575 کو میر پور خاص اور 423 گاڑیوں کو شہید بے نظیر آباد میں چیک کیا گیا۔

چیکنگ کے دوران 263 گاڑیوں کو ٹیکس کی عدم ادائیگی اور دستاویزات کی کمی کے باعث ضبط کرلیا گیا جبکہ 784 گاڑیوں کے کاغذات بھی قبضے میں لئے گئے تاہم ٹیکسز اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد 366 گاڑیوں کے کاغذات واپس کردئیے گئے۔مہم کے دوران ابتک کراچی میں 7 لاکھ 18ہزار 126روپے، حیدرآباد میں 4لاکھ 24ہزار269 روپے ، سکھر میں 2لاکھ 29ہزار211 روپے، لاڑکانہ میں 90ہزار روپے ، میرپورخاص میں 4لاکھ45ہزار 188روپے اور شہید بینظیر آباد میں 8لاکھ 86 ہزار 199روپے ٹیکس اور 4لاکھ69ہزار 152روپے جرمانے کے وصول کئے گئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکیسش وانسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے جاری روڈ ٹیکس مہم پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ھوئے افسران کو مہم تیز کرنے کی ہدایت کی ھے اور مذید کہا ھے کہ افسران مہم کے دوران اعلی اخلاق اور بہترین تعاون کا مظاہرہ کریں ۔