گورنر سندھ کی صوبائی کابینہ اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

جمعرات 23 مارچ 2017 16:08

گورنر سندھ کی صوبائی کابینہ اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے گورنر سندھ محمد زبیر نے صوبائی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے مزار پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں عظیم رہنما ء کے لئے اپنے تاثرات بھی درج کئے ۔

بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم قیادت میں تمام تر سازشوں کے باوجود مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان لا زوال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان کے لئے عملی جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے جبکہ ملک کے موجودہ حالات ہم سے بھرپور قومی یکجہتی اور اتحاد کا تقاضہ کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ملکی استحکام ، اتحاد و اتفاق اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کرنا چاہئے،ہمیں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کے استحکام و ترقی کو فوقیت دیتے ہوئے آگے بڑھناہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ بابائے قوم کے ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :