سپاٹ فکسنگ سکینڈل ،پی سی بی کا ایف آئی اے کو ’’خفیہ‘‘ خط لیک ہوگیا

جمعرات 23 مارچ 2017 15:11

سپاٹ فکسنگ سکینڈل ،پی سی بی کا ایف آئی اے کو ’’خفیہ‘‘ خط لیک ہوگیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کو لکھا گیا ’خفیہ‘ خط سوشل میڈیا پر لیک ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایف آئی اے کو لکھا گیا ایک انتہائی ’کانفیڈنشل لیٹر‘ لیک ہو کر سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے، اس میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ چند موبائل فون کا فرانزک جائزہ لے،اس سے حاصل ہونے والا مواد بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سپرد کیا جائے جو اسے بطور ثبوت پی ایس ایل فکسنگ کیس کی سماعت کرنے والے ٹریبیونل کے سامنے پیش کرسکے گا۔

اس سے قبل پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اس بات پر اصرار کیا تھا کہ بورڈ کی جانب سے تحقیقات کیلیے ایف آئی اے کو کوئی خط ہی نہیں لکھا گیا، اگر ایسا ہے تو خط سامنے لایا جائے،بعد میں نجم سیٹھی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھاکہ ہم نے صرف موبائل ڈیٹا حاصل کرنے کیلیے خط لکھا ہے۔

(جاری ہے)

بعض حلقوں کا دعویٰ ہے کہ ایک آفیشل نے یہ خط خود لیک کیا تاکہ پی سی بی کے موقف کو درست ثابت کیا جا سکے، ادھر چوہدری نثار نے بدھ کے روز اپنی پریس کانفرنس میں ایک بار پھر واضح کردیاکہ ایف آئی اے کو تحقیقات کیلیے کسی کی اجازت درکار نہیں،اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ معاملہ اتنی آسانی سے ختم نہیں ہو گا، البتہ اگر پی سی بی پلیئرز کے موبائل فونز و دیگرمعلومات شیئر نہیں کرتا تو ایف آئی اے کو تحقیقات میں انتہائی مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا،اسے صرف اسپاٹ فکسنگ کیس کے مشکوک پلیئرز کے بیانات پر ہی انحصار کرنا ہوگا۔

سپاٹ فکسنگ سکینڈل ،پی سی بی کا ایف آئی اے کو ’’خفیہ‘‘ خط لیک ہوگیا