قائد اعظم بین الصوبائی گیمز میں ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا، حکومت مطلوبہ فنڈز جاری کرنے میں ناکام

کھیلوں کے انعقاد کیلئے درکار 16کروڑ90لاکھ روپے کے فنڈز کی فائل وفاقی وزیر احسن اقبال کی وزارت میں رک گئی

جمعرات 23 مارچ 2017 15:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) قائد اعظم بین الصوبائی سپورٹس بورڈ گیمز کے دوسرے ایڈیشن کے انعقاد کیلئے ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ جانے کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان سپورٹس بورڈ کو مطلوبہ فنڈز جاری نہ کئے جا سکے جس کے باعث قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا جبکہ کھیلوں کے انعقاد کیلئے درکار 16کروڑ90لاکھ روپے کے فنڈز کی فائل وفاقی وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال کی وزارت میں رک گئی۔

وفاقی حکومت کے رواں مالی سال کے منظور کردہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام "پی ایس ڈی پی "کے تحت پاکستان سپورٹس بورڈ نے دوسری قائد اعظم بین الصوبائی گیمز منعقد کروانی ہے جس کیلئے سپورٹس بورڈ کے حکام نے کھیلیں 18اپریل سے 23 اپریل تک اسلام آباد میں کروانے سمیت بین الصوبائی گیمز میں 18 کھیلوں کے مقابلوں منعقد کروانے کی سفارش کی ہے اور جب پاکستان سپورٹس بورڈ کی تیاریاں ان گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے تو وفاقی حکومت گیمز کے انعقاد کیلئے تاحال فنڈز جاری نہ کر سکی ہے جس کے باعث ان گیمز کے انعقاد کا منصوبہ کھٹائی میں پڑتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان گیمز میں ملک بھر سے چار ہزار سے زائد اتھلیٹس اور آفیشلز نے شرکت کرنا ہے اور گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ نے ایک ماہ قبل 169ملین روپے کے فنڈز کے حصول کیلئے وزارت منصوبہ بندی کو خط بھی لکھا ہے اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے بھی فنڈز کے اجرائ کیلئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال کو یاد دھانی خط لکھا جس کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا اور پاکستان سپورٹس بورڈ کو ان گیمز کے لئے 16کروڑ 90لاکھ روپے میں سے صرف 5کروڑ روپے جاری کرنے کی ہی منظوری مل سکی ہے اور باقی فنڈز کے اجراء کی سمری وفاقی وزیر احسن اقبال کی وزارت کے پاس رک گئی ہے کیونکہ احسن اقبال نے حکومت کی منظور کر دہ گیمز کیلئے فنڈز دینے کیلئے گرین سگنل نہیں دیا۔

ان کھیلوں کے انعقاد کا مقصد صوبائی پلیئرز کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانا ہے اور حکومت نے فنڈز جاری نہ کئے تو گیمز ملتوی ہو سکتی ہے۔ اس ضمن میں رابطہ کرنے پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا کا کہنا تھا کہ قائد اعظم گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور وہ پر امید ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد کیلئے مطلوبہ فنڈز جلد جاری ہو جائیں گے جبکہ ایک یاد گار گیمز کے انعقاد میں پاکستان سپورٹس بورڈ ضرور کامیاب ہو گی۔