اقلیتوں کے حقوق اور انکی مذہبی و تہذیبی شناخت کا تحفظ قرارداد پاکستان کا اہم پہلو تھا

اقلیتی برادری نے قائد اعظم کی قیادت میں جدوجہد آزادی اور قومی تعمیر و ترقی کے عمل میں بھر پور حصہ لیا اقلیتیں ہمارے قومی وجود کا لازمی جزو ہیں جنہوں نے ہر مرحلے پر ملک و قوم کیلئے گراںقدر قربانیاں دیں،خلیل طاہر سندھو

جمعرات 23 مارچ 2017 15:05

اقلیتوں کے حقوق اور انکی مذہبی و تہذیبی شناخت کا تحفظ قرارداد پاکستان ..
لاہور۔23 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق اور انکی مذہبی و تہذیبی شناخت کا تحفظ قرارداد پاکستان کا اہم پہلو تھاجسے بنیاد بنا کر برصغیر پاک و ہند کی اقلیتی برادری نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا اور قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد اور قیام پاکستان کے بعد قومی تعمیر و ترقی کے عمل میں بھر پور حصہ لیا۔

انہوں نے یہ بات 77ویں یوم پاکستان کے موقع پر اقلیتی برادری سمیت پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہی۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ اقلیتیں ہمارے قومی وجود کا لازمی جزو ہیں اور پاکستان کا قومی منظر نامہ اقلیتی برادری کے بغیر مکمل نہیں ہوتا جنہوںنے پاک سر زمین کی ترقی و حفاظت کیلئے شاندار خدمات سر انجام اور جان ومال کی بیش قیمت قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کیلئے اقلیتی برادری کی خدمات اور قربانیوں میں قابل قدر تیزی آئی ہے۔خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ برصغیر کی پنجاب اسمبلی کے اقلیتی سپیکر نے قیام پاکستان کے حق یا مخالفت میں ووٹنگ برابر ہونے پر قیام پاکستان کے حق میں ووٹ کاسٹ کرکے قرارداد کی منظوری کو یقینی بنایا تھا۔انہوں نے کہا کہ قرارداد لاہور،پنجاب بائونڈری کمیشن اور پنجاب کی تقسیم اور قیام پاکستان کے بعد مہاجرین کی آبادکاری و بحالی میں بھی اقلیتوں نے پاکستان کے حق میں کلیدی کردار ادا کیا۔

خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے گروپ کیپٹن سیسل چوہدری ستارہ امتیاز،ونگ کمانڈر میرون لیزلی مڈل کوٹ ستارہ جرات،چیف جسٹس رانا بھگوان داد،چیف جسٹس ایلوین رابرٹ کارنیلئس،جسٹس رستم سہراب جی سدھوا،پاکستان کی پہلی خاتون محتسب ڈاکٹر میرا فیلبوس، معروف انگریزی ناول نگارباپسی سدھوا، صدارتی ایوارڈ یافتہ مصنف جگن ناتھ آزاد،جرمن نژاد ڈاکٹر رتھ فائو، فوٹو جرنلزم کے بانی ایف ای چوہدری،پنجاب اسمبلی کے پہلے سپیکر دیوان بہادر ایس پی سنگھا اور پاکستان کے پہلے وزیر قانون جوگندر ناتھ منڈل نے تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔