پاکستان ہماری امیدوں کا محور ہے،چوہدری جاوید علا ئو الدین

جمعرات 23 مارچ 2017 15:05

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) پاکستان ہماری امیدوں کا محور ہے ہمیں ضرب عضب کی کامیابی کے بعد اب آپریشن رد الفساد میں بھی اپنے اداروں کے ہاتھ مضبوط کرنا ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کا مستقل بنیادوں پر قلع قمع کیا جا سکے پاکستان کے محفوظ ،روشن اور خوشحال مستقبل کے لئے ہمیں اتفاق و اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر کار بند ہونا ہے ۔

ہمیں آج یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کے لئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے پاکستان کے ہر شہری کے جان ومال کی حفاظت اور اس کے مضبوط مستقبل کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علا ئو الدین ،ڈپٹی کمشنر صائمہ احد ،ڈی پی او حسن اسد علوی اور علامہ ظفر اللہ قمر لکھوی نے 23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنمنت ماڈل گرلز ہائی سکول کی طالبات نے قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کئے تقریب میں ضلعی افسران ،ممبران پارلیمنٹ کے نمائندوں ،صحافیوں ،تاجروں کے نمائندوں ،عمائدین علاقہ ،وکلاء سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔چوہدری جاوید علائوالدین ،ڈپٹی کمشنر صائمہ احد اور ڈی پی اور حسن اسد علوی نے کہا کہ یوم پاکستان کی یہ تقریب ہمیں بحثیت قوم خود اعتمادی بخشتی ہے ہمیں بطور ایک پاکستانی اپنی شناخت پر فخر ہے انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگیوں میں آزمائش ہی انہیں کندن بناتی ہے ہمیں پوری لگن اور محنت سے کام کرنا ہے ملک و قوم کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہے تاکہ ہم قوموں کی برادری میں منفرد اور معتبر مقام حاصل کر سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شخص اہم ہے اور ہم سب کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر پاکستان کی ترقی اور بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے وطن عزیز کے مفاد کو اپنے مفاد پر ترجیح دینا ہے۔ ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے تقریب میں شریک طالبات پر زور دیا کہ وہ محنت لگن اور سچ کو اپنا شعار بنائیں اللہ کی رحمت پر بھروسہ رکھیں انشا ء اللہ کامیابی ہمارا مقدر بنے گی ۔

متعلقہ عنوان :