ڈی آئی خان ،ْگومل یونیورسٹی میں دو طلبا گروپوں میں تصادم

بدھ 22 مارچ 2017 23:39

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء)ڈیرہ اسماعیل خان کی گومل یونیورسٹی میں دو طلبا گروپوں میں تصادم کے بعد کشیدہ صورتحال کے باعث پولیس ،ْایف سی اور فوج کو طلب کرلیا گیا۔ڈیرہ اسماعیل خان کی گومل یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے ٹیلنٹ پروگرام رکھا گیا تھا جس پر پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے طلبا نے احتجاج کیا، اس دوران دونوں طلبہ گروپ آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

(جاری ہے)

احتجاج کے دوران اسلامی جمعیت طلبہ کا کیمپ بھی گرادیا گیا جس پر دونوں جانب سے ہنگامہ آرائی ہوئی ۔پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز لاہور اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے ان کا پروگرام نہیں ہونے دیا گیا تھا جس پر وہ بھی اسلامی جمعیت طلبا کا پروگرام نہیں ہونے دیں گے۔ہنگامی صورتحال پر یونیورسٹی انتظامیہ نے پولیس، ایف سی اور فوج کو طلب کرلیا جنہوں نے حالات پر قابو پالیا۔یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبا کو کشیدہ حالات کے پیش نظر تقریب کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔