مستقبل میں پانی کے بحران سے سندھ کو بچانے کے لئے وفاق بڑے ڈیموں کا کنٹرول سندھ اور بلوچستان کے حوالے کرے، رکن اسمبلی خیرالنساء مغل

بدھ 22 مارچ 2017 23:36

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی میرپورخاص ڈویژن کی سیکریٹری انفارمیشن و ایم پی اے خیرالنساء مغل نے کہا ہے کہ مستقبل میں پانی کے بحران سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ وفاق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے ملک کے بڑے ڈیموں کا کنٹرول سندھ اور بلوچستان کے حوالے کرے پی پی پی میڈیا سیل میرپورخاص سے جاری کردہ بیان میں خیرالنساء مغل نے کہا ہے ملک میںجاری پانی کے بحران سے نواز لیگ حکومت کی بددیانتی اور نااہلی بے نقاب ہوگئی ہے اور یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ملکی آبی ذخائر کا کنٹرول نواز لیگ کے حوالے کرنا چور کو چوکیدار بنانے کے مصداق ہے انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت نے پانی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے اور مردم شماری کا عمل مبہم و غیر شفاف بناکر چھوٹے صوبوں کا اعتماد مکمل طور پر کھو دیا ہے خیرالنساء مغل نے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر پی پی پی نے پہلے ہی عدالت سے رجوع کرلیا ہے اوراب لگتا ہے سندھ حکومت کے پاس پانی کے معاملے پر بھی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے علاوہ اورکوئی چارہ نہیں۔