آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کو سی بی اے سر ٹیفکیٹ جاری خورشید احمد نے رجسٹرار ٹریڈ یونینز سے سر ٹیفکیٹ وصول کیا

بدھ 22 مارچ 2017 23:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی و تجارتی ادارے واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) اور کارپوریٹائزڈ کمپنیز میں 02فروری کو ہونے والے قومی ریفرنڈم2017 کی فاتح آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کو بروز بدھ سی بی اے سر ٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا رجسٹرار ٹریڈ یونینز قومی صنعتی تعلقات کمیشن غلام نبی دریشک نے سی بی اے سر ٹیفکیٹ ہائیڈرو یونین کے سیکرٹری جنرل خورشید احمد کے حوالے کیا۔

یونین کے مرکزی چیئرمین گوہر تاج، اسامہ طارق، محمد اکرم بُندہ، آئیسکو کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ،حاجی ظاہر گل، محمد رمضان خان جدون، راجہ خلیل اشرف، سجاد حسین ساجد، طارق نیازی، آفتاب رفیق، غلام رسول گجر، ولی الرحمن خان، چوہدری سرفراز ہندل، رانا شکور، ظفر متین اور سید ذاکر حسین شاہ سمیت دیگر مزدور راہنمائوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

ہائیڈرو یونین کے سیکرٹری انفارمیشن سجاد حسین ساجد کے مطابق آئی آر اے 2012 کی شق 19(9)e کے تحت سی بی اے سر ٹیفکیٹ کے باقاعدہ اجراء کے بعدآل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کواگلے تین سال کیلئے واپڈا کی اجتماعی سودا کاری ایجنٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیاہے۔ سی بی اے سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد خورشید احمدنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے تاریخی فتح پر تمام واپڈا ملازمین کو مبارک بادپیش کی۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا میںقومی سطح پر ریفرنڈم کا انعقاد اور منتخب سی بی اے کا قیام مزدور دوست قوتوں کی فتح ہے اس سے مزدوروں میں انتشار پیدا کرنے اور ادارے کو تقسیم کرنے کی سازش کرنے والے عناصر کے مذموم ارادے خاک میں مل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو کو آئین و قانون کے مطابق سی بی اے سرٹیفکیٹ کے اجراء سے نہ صرف واپڈا کے ڈیڑھ لاکھ ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و بہبود کیلئے پیش رفت ہو گی بلکہ بحیثیت مجموعی ملک میں مزدور تحریک کو بھی تقویت حاصل ہو گی۔