وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا 23مارچ کے حوالے سے پیغام

بدھ 22 مارچ 2017 23:23

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 23مارچ 1940کے دن مسلمانوں کو برصغیر میں ایک الگ قوم کی حیثیت ملنا مسلمانوں کی وہ تاریخی کامیابی ہے جس نے نہ صرف مسلمانوں کو ایک الگ شناخت عطاء کی بلکہ ایک علیحدہ مملکت کے قیام کو بھی ممکن بنا دیا۔ آج کا دن علامہ محمد اقبال کی بصیرت اور قائد اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں کی یاد دلاتا ہے جب علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور قاائد اعظم نے اپنے دلائل کے ذریعے مسلمانوں میں ایک جداگانہ قومیت کا احساس پیدا کیا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار 23مارچ کے موقع پر کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں آج بھی اسی جذبے اور ولولے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے مملکت خداداد کا قیام عمل میںآیا تھا۔

(جاری ہے)

آج کا دن ہم سے یہ سوال کرتا ہے کہ ہم نے علامہ محمد اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر مبنی نظام کی کس حد تک پاسداری کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 23مارچ کا دن ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے ایک علیحدہ شناخت اور مملکت کے حصول کے لئے دی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لئے اپنے منشور پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم میں اتفاق و اتحاد اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا جب تک کہ ہم اپنے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے خواب کو شرمندہء تعبیر کرنے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لئے صوبائی حکومت نے تین سال مربوط جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس بات تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو یہ باور کرائیں کہ ان کی شناخت پاکستان ہے اور وہ پاکستان جہا ں انصاف اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لئے حکمران اپنے آپ کو عوام کا خادم سمجھیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2013کے انتخابات میں خیبر پختونخوا کے عوام نے ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں کو یکسر نظر انداز کرکے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کیا جس نے بر سر اقتدار آ کر زندگی کے ہر شعبے میں عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے نہ صرف اصلاحات متعارف کرائیں بلکہ انہیں قانونی حیثیت بھی دی۔تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں شفاف نظام کی مضبوط بنیادیں رکھ دی ہیں جو نئے پاکستان کی طرف ایک عملی قدم ہے۔

متعلقہ عنوان :