پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان دوطرفہ تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں ، ارجنٹائن کے سفیر

بدھ 22 مارچ 2017 23:21

فیصل آباد۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) ارجنٹائن معاشی اعتبار سے لاطینی امریکہ کا ایک اہم ملک ہے جبکہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان دوطرفہ تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافہ کیلئے دونوں ممالک کوعملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔یہ بات پاکستان میںارجنٹائن کے سفیرایون ایوانسوچ نے آج پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ممبران سے خطاب میں کہی ۔

انھوں نے کہا کہ باہمی تجارت کے فروغ کیلئے دونوں ملکوں کے تاجروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ تجارتی وفود کے تبادلے، تجارتی نمائشوں میں شرکت اور بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں سے تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ارجنٹائن کی 90 فیصد سے زائد برآمدات سویا بین پر مشتمل ہیں جبکہ ملکی ضروریات کیلئے 60 فیصد ٹیکسٹائل مصنوعات درآمدکی جاتی ہیں اور بقیہ 40 فیصد ٹیکسٹائل مصنوعات مقامی طور پر تیار کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے گذشتہ سال ارجنٹائن کی ٹیکسٹائل درآمدات میں 27فیصد اضافے کو پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کیلئے ایک اچھا موقع قرار دیتے ہوئے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان سے ٹیکسٹائل سمیت چمڑے اور کھیلوں کے سامان جیسی کافی مصنوعات ارجنٹائن کو برآمد کی جاتی ہیں مگر ایک بڑی مارکیٹ ہونے کے ناطے ابھی بھی کئی دوسرے سیکٹرز میں تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر پاکستانی برآمدکنندگان اپنے تجارتی حجم میں واضع اضافہ کر سکتے ہیں۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ایک زرعی ملک ہونے کے ناطے پاکستان میں زراعت میں سرمایہ کاری کے کافی مواقع موجود ہیںالبتہ پاکستان کا زرعی شعبہ ارجنٹائن کے مقابلہ میں کم ترقی یافتہ ہے۔ زرعی پیداوار میں اضافے اور بہتر نظام آبپاشی کیلئے ارجنٹائن تکنیکی معاونت کی فراہمی کیلئے تیار ہے۔انھوں نے پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان باہمی تجارت میں اضافے اور شراکت داری کے مواقع کی نشاندہی کیلئے ارجنٹائن ایمبیسی اور پی ٹی ای اے کے درمیان مضبوط ورکنگ ریلیشن شپ کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

اس سے پہلے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اجمل فاروق نے ارجنٹائن کو جنوبی امریکی خطے کی ایک مضبوط اقتصادی قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ انھوں نے ارجنٹائن کو پاکستانی مصنوعات کیلئے ایک اہم تجارتی مارکیٹ قرار دیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو ناکافی قرار دیتے ہوئے انھوں نے اس میں اضافے پر زور دیا۔

ارجنٹائن کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاک ارجنٹائن جوائنٹ وینچرز پاکستان کیلئے مفید ہو سکتا ہے۔انھوں نے پاک ارجنٹائن تجارت میں فروغ کیلئے ارجنٹائن کے سفارتخانے کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کا یہ عمل آیندہ بھی جاری رہے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔آخر میں سابق چیئرمین پی ٹی ای اے شیخ الیاس محمود نے ارجنٹائنی سفیرایون ایوانسوچ کو پی ٹی ای اے کی یادگاری شیلڈپیش کی۔ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :