یومِ پاکستان ہمارے لیے بحیثیت قوم تجدید ِ عہد کا دن ہے، ڈاکٹر ضیاء القیوم

بدھ 22 مارچ 2017 23:21

لالہ موسیٰ۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری اُمنگوں کا محوراورہمارے اسلاف کی بیش بہا قربانیوں کا ثمر ہے۔ یومِ پاکستان ہمارے لیے بحیثیت قوم تجدید ِ عہد کا دن ہے۔ 23مارچ1940ء کو بزرگان ِقوم نے جس پاک سرزمین کے قیام کو عمل میں لانے کی قرار داد پیش کی تھی اور جس قرار داد کی روشنی میں برصغیر کے مسلمان پاکستان کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، آج ہم سب کو مل کر پاکستان کی نظریاتی، ثقافتی اور تمدنی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے نوجوان نسل کو عزم کے راستہ پر گامزن کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ان خیالات کا اظہار یومِ پاکستان کے موقع پر طلبہ واساتذہ کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مزید کہا کہ قوموں کے یادگار دن ان کی سماجی و معاشرتی زندگی میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ قومی مقاصد کے حصول اور ایک متوازن معاشرہ کی تشکیل میں نوجوان طلبہ کا کردار واضح ہے۔ ہمارے طلبہ ذہنی و دماغی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔

طلبہ کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی کرداری و شخصی تربیت بھی جامعات کی اہم ذمہ داری ہے۔ جامعہ گجرات اپنے باصلاحیت طلبہ کو عمل کی راہوں پر گامزن کرنے کے لیے مختلف منصوبوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی و قومی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈال رہی ہے۔ نوجوان طلبہ میں پاکستانیت کے جذبہ کو فروغ دے کر ہم مقاصد پاکستان کی تکمیل کے خواب کو شرمندہٴ تعبیر کر سکتے ہیں۔ اجتماعی شعور وآگہی کا فروغ ایک بہتر اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ِ نو کی خشتِ اوّل ہے۔

متعلقہ عنوان :