گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں تربیتی سیشن کا انعقاد

بدھ 22 مارچ 2017 23:21

فیصل آباد۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے بزنس انکیوبیشن سنٹر میں طلبہ و فیکلٹی ممبران کے فعال کردار اور نئے کاروبار کی شروعات کے حوالے سے ایک تربیتی سیشن منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کی، اس موقعہ پر خطاب میں انہوں نے بزنس انکیوبیشن سنٹر کی اہمیت اور اس کے موثر کردار کی ضرورت پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ ملک کی پائیدار ترقی اور موثر کاروباری کلچر کو فروغ دیئے بغیر ہم موثر انداز میں آگے نہیں بڑھ سکتے اس ضمن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ہمیں بزنس انکیوبیشن سنٹر کے قیام کیلئے 12ملین روپے کی گرانٹ دی انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبہ بہت فعال ہیں اور کاروباری وسعت کا شوق بھی رکھتے ہیں اس بزنس انکیوبیشن سنٹر کی بدولت اس مختصر وقت میںہمیں اسی(80) سے زائد بزنس آئیڈیازموصول ہوئے ہیں اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ اگر ان طلبہ کو مناسب سازگار ماحول فراہم کیا جائے اور یکساں مواقع دیئے جائیں تو یہ منافع بخش کاروبار کے حصول میں بہت آگے جا سکتے ہیں ہماری قوم میں صلاحیت ہے اور ہم ملکی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرسکتے ہیں اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سیفران فارماسیوٹکس غلام دستگیر اورسوسائٹی آف آئی ٹی پروفیشنلز کے صدر سلیم اختر نے بھی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے کاروبار کے دوران آنیوالے اتارچڑھائو اورزندگی کے دوسرے تجربات کے بارے میں بتایا اور اس بات پر زوردیا کہ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جس میں ایک عام آدمی منصفانہ ماحول میں اپنے کاروبار کو وسعت دے سکے اور زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقعہ پیدا کرسکے اسی طرح سے ہمارے معاشرے سے بیروزگاری کو ختم کیا جاسکتا ہے اس تربیتی سیشن میں ڈائریکٹر اورک(ORIC)ڈاکٹر خالد ضیاء، ڈائریکٹر BICڈاکٹر محسن بشیر کے علاوہ دیگر فیکلٹی ممبران و طلبہ وطالبات نے بھی شرکت کی۔