دانش سکولز کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب کا مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا اہم منصوبہ ہے،ڈپٹی کمشنررحیم یار خان

بدھ 22 مارچ 2017 23:19

رحیم یار خان۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ دانش سکولز کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا غریب ،یتیم ، نادار اور مستحق بچوں کو دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا اہم منصوبہ ہے جس کے تحت معاشرے کے ایسے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جا رہاجو جن کے لئے اعلیٰ تعلیم کا حصول محض ایک خواب تھا اور انشاء اللہ دانش سکولز کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات ملک و قوم کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔

دانش سکولز گرلز اینڈ بوائز کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے پرنسپل اور اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگ ایک انتہائی اہم اور حساس فریضہ انجام دے رہے ہیں جس میں کوتاہی طلباء و طالبات کے شخصی نقصان کے ساتھ ملکی اور قومی سطح پر بھی خسارے کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پرنسپلز کو ہدایت کی کہ وہ طلباء وطالبات کو حکومتی ہدایات کے مطابق سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں اور تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے اسسٹنٹ کمشنر احمد رضا کے ہمراہ کیڈٹ کالج اور تحصیل ہییڈ کواٹر ہسپتال خانپور کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب فروغ تعلیم کے لئے مثالی اقدامات کر رہے ہیں اور کیڈٹ کالج خانپور کی تعمیر اس کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے کیڈٹ کالج کے تعمیراتی کاموں سے منسلک افسران اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ مذکورہ کیڈٹ کالج ڈیزائین اور تعمیر میں حسن اور معیار کا ایک شاہکار منصوبہ ہونا چاہیے جس میں زیر تعلیم بچے اور علاقہ مکین فخر محسوس کریں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام تعمیراتی مراحل اپنے مقررہ مدمت میں مکمل کئے جائیں۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال خانپور کا دورہ کرتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر توحید آغا کو ہدایت کی کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :