کوئٹہ ،چیئرمین انور ساجدی کی صدارت مین سی پی این ای کا ا جلاس منعقد ہوا اخبارات وجرائد کو درپیش مسائل پر غور

نیب بلوچستان کے غریب اخبارات کو ہراساں کرنے پر شراکا ء نے تشویش کا اظہار کیا

بدھ 22 مارچ 2017 23:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2017ء) سی پی این ای کی بلوچستان کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز چیئرمین انور ساجدی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں رکن مطبوعات کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اجلاس میں صوبہ بلوچستان کے اخبارات وجرائد کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا اور ارکان نے اپنی تجاویز سے اجلاس کو آگاہ کیا شرکاء نے اس امر پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ نیب بلوچستا ن نے دیگر شعبوں کو چھوڑ کر بلوچستان کے غریب اخبارات کو ہراساں کرنے کا سلسلہ تیز کردیا ہے اجلاس میں کہا گیا کہ ہم کرپشن کے خلاف ہیں تحقیقات کے خلاف نہیں تاہم نیب کو اتنی چھوٹی سطح پر نہیں آنا چاہیے اور کرپشن کے ضمن میں اخبارات کے بجائے متعلقہ محکموں اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی پی این ای کی مرکزی قیادت سے سفارش کی جائے گی کہ وہ چیئرمین نیب سے مل کر اس مسئلے کو حل کروائیں اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ نیب کے دبائو پر جن اخبارات کے اشتہارات محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان نے غیر منصفانہ طور پر بند کئے وہ فوری طور پر کھول دیئے جائیں تاکہ ان اخبارات کے کارکن بے روزگاری اور فاقہ کشی سے محفوظ رہ سکیں۔

علاوہ ازیں اجلاس میں اس دیرینہ مطالبے کا آعادہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت اشتہارات کے اجراء کی ایک موثر پالیسی تشکیل دے جس کے تحت اشتہارات کے منصفانہ اور میرٹ پر اجراء کو یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس میں صوبے میں صحافت کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا اور اس امر پر تشویش ظاہر کی گئی کہ بعض سیاسی، مذہبی اور لسانی گروہ دھونس دھمکی اور جبر کے ذریعے اپنی خبریں من مانی طور پر شائع کروانا چاہتے ہیں اور آئے دن ایڈیٹرز کو دھمکیاں دیتے رہتے ہیں اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس قسم کے گروہ کے دبائو میں آکر خبریں شائع نہیں کی جائیں گی بلکہ میرٹ پر سختی سے عمل کیا جائیگا۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ 18ویں ترمیم کے تحت اے بی سی کو صوبائی سبجیکٹ قرار دیا گیا ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے اور اخبارات کے آڈٹ کا کام صوبوں کو منتقل کیا جائے اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے اخبارات کے ساتھ طویل ناانصافی کا سلسلہ ختم کرے اور مقامی اخبارات کو این ایف سی ایوارڈ کے مطابق بلوچستان کے طے شدہ حصے کے مطابق اشتہارات دے ۔

اجلاس میں انور ساجدی( انتخاب)، جاوید احمد(اعتماد)، عارف بلوچ (بلوچستان ایکسپریس)، سید خلیل الرحمن(جنگ)، رضا الرحمن(سنچری ایکسپریس)، سید کامران ممتاز(مشرق)، آصف بلوچ(آزادی)، ڈاکٹر علیم صادق(شال)، ڈاکٹر نعیم صادق(گوادر ٹائمز)، علی لہڑی(عصر نو)، ڈاکٹر آصف ملک(تجارت جرأت)، منیر احمد بلوچ(نوائے وطن بلوچی) نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :