کوہاٹ، مختلف علاقوں میں آپریشن ،چار اشتہاریوں اور ڈکیت گروہ کے سرغنہ سمیت 55مشتبہ افراد گرفتار

بدھ 22 مارچ 2017 23:10

کوہاٹ، مختلف علاقوں میں  آپریشن ،چار اشتہاریوں اور ڈکیت گروہ کے سرغنہ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2017ء)کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں قانون شکن عناصر کے خلاف خصوصی آپریشن میں چار خطرناک اشتہاریوں اور ڈکیت گروہ کے سرغنہ سمیت 55مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔کاروائی میں زیر حراست افراد کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔آپریشن میں گرفتار اشتہاری مجرمان قتل اور اقدام قتل سمیت سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی براہ راست نگرانی میںشہر کو اشتہاری گروہوں،انکے سہولت کاروںاورغیر قانونی اسلحہ و منشیات اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں سے پاک کرنے کی خصوصی مہم کی کاروائیوں میںضلعی پولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی تلاشی آپریشن میں چار خطر ناک اشتہاریوں اجمل خان،ناصر،عادل ، نظر علی شاہ اور ڈکیتی کیس میں ملوث ملزم عبدالمالک سمیت 55مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر ایک ایس ایم جی،تین رائفل،چار بندوق،پندرہ پستول،بائیس چارجرز،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور چار کلوگرام چرس برآمد کرلئے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں شہر بھر میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نطر اہم شاہراہوں پر ناکہ بندیوں کے دوران پولیس نے بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھر پور کاروائیوں میں پانچ سو سے زائد موٹر سائیکلیں اور مختلف قسم کی اڑتالیس گاڑیاں تحویل میں لیکر مخلتف تھانوں اور ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں بند کردئیے۔پولیس نے چھان بین کے بعد متعدد گاڑیاں کلئیر قرار دیتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کرنے کے بعد چھوڑ دئیے جبکہ درجنوں گاڑیاں مزید قانونی کاروائی کیلئے تاحال پولیس کی تحویل میں ہیں۔

پولیس ذرائع کے بقول شہر میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے مسلسل آپریشن کی کاروائیوںکے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں جسکی کامیابی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ ضلع بھر میں چلنے والی نان رجسٹرڈ و بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جو دہشتگردی اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے انسداد میں اہم پیش رفت ثابت ہورہی ہے۔