وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت آئندہ مالی سال 2017-18ء کے بجٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس

بدھ 22 مارچ 2017 22:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) آئندہ مالی سال 2017-18ء کے بجٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اس موقع پر سیکرٹری خزانہ نے وفاقی وزیر کو اس حوالہ سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ تخمینہ جات کی تیاری اگلے مرحلہ میں پہنچ گئی ہے۔ اس سلسلہ میں مختلف شراکت داروں بشمول کاروباری برادری، چیمبرز آف اینڈ انڈسٹریز کے نمائندوں اور اقتصادی ماہرین سے مشاورت اور اس سلسلہ میں حاصل تجاویز کے بارے میں وزیر خزانہ کو آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف شراکت داروں سے موصول ہونے والی تجاویز اور آراء کو بجٹ دستاویز کو حتمی شکل دینے کیلئے زیر غور لایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے متعلق تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں، اس سلسلہ میں وزارت خزانہ اور دیگر وزارتوں و محکموں کے مابین قریبی رابطہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں حکومت کے پائیدار اور مجموعی اقتصادی نمو کے عزم کی عکاسی ہونی چاہئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے مالی سال کا بجٹ رمضان المبارک سے قبل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :