صوبے کی عوام کو مختلف مسائل کے حوالے سے شکایات کے حل کے لئے کوئٹہ میں اپنے دفتر کو فعال بنارہے ہیں ،عظمیٰ عادل خان

عوام کو سوئی سدرن گیس سے متعلق شکایات کے ازالے لئے ملک بھر میں کی جانے والی ان میٹنگز کی حتمی رپورٹ مرتب کرکے دیں گے ،چیئر پرسن اوگر

بدھ 22 مارچ 2017 22:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) چیئر پرسن اوگرپاکستان عظمیٰ عادل خان نے کہا ہے کہ صوبے کی عوام کو مختلف مسائل کے حوالے سے شکایات اور دیگر امور کے حل کے لئے کوئٹہ میں اپنے دفتر کو فعال بنارہے ہیں اورعوام کو سوئی سدرن گیس سے متعلق شکایات کے ازالے لئے ملک بھر میں کی جانے والی ان میٹنگز کی حتمی رپورٹ مرتب کرکے دیں گے تاکہ لوگوں کی جانب سے آنے والی شکایات اور تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بناکر انہیں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے، اہل بلوچستان کے لیئے سلیب یونٹ 500 تک مقرر کرنے کی تجویز دیں گے تاکہ شہری با آسانی اپنے بلوں کی ادائیگی کو یقینی بناسکے،یہ بات انہوں نے بدھ کے روز سرینا ہوٹل میں (یو ایف جی )کونسلٹیٹو سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری توانائی بلوچستان خلیق نظر کیانی ،مینجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی امین راجپوت ، سوئی سدرن گیس کمپنی بلوچستان کے جنرل مینجر آغا محمد بلوچ ، اوگر کے دیگر ممبران نور الحق فنانس ممبر ، انجمن تاجران بلوچستان اور آل بلوچستان ریسٹورنٹ اینڈ ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر رحیم آغا بلوچستان فلور مل ایسوسی ایشن کے صدر سیدظہور آغا، چیمبر آف کامرس کوئٹہ کے صدر حاجی عبدالودود اچکزئی ، حاجی نیاز محمد، حاجی محمد اختر کاکڑ، علی احمد قمبرانی ، ڈاکٹر عمر فاروق سمیت دیگر بھی موجود تھے، چیئر پرسن اوگرا پاکستان عظمیٰ عادل خان نے کہا کہ بلوچستان میں شدید سردی کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کے ٹیرف کو مقرر کرتے وقت 100 یونٹ سے بڑھا کر 500 یونٹ تک کرنے کی تجویز دیں گے تاکہ صارفین پر کم سے کم بوجھ پڑے اور گیس کی چوری کو بھی روکا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گھریلو صارفین گیس کی چوری نہیں کرتے بلکہ صنعتوں اور دیگر شعبوں میں گیس چوری ہوتی اس کی روک تھام کو یقینی بنانا کمپنی کی ذمہ داری ہے یو ایف جی کے حوالے سے ہم نے تمام تجاویز نوٹ کرلیں اس کی حتمی رپورٹ حکومت کو دیں گے یہ رپورٹ آنے والے پانچ سال تک کار آمد ہوگی انہوں نے کہا کہ کمپنی سے متعلق شکایات کے بارے میں شہری اوگر کو آگاہ کریں شواہد بھی دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے عوام کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے شکایات کے ازالے کو یقینی بنانے کے لئے اوگرا کوئٹہ میں اپنا دفتر فعال بنا رہا اور یہ بہت جلد ممکن فعال بنادیا جائے گا مسائل ہیں لیکن انہیں حل کرنے کی ضرورت ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گیس میٹر کمپنی کے اپنے بنائے ہوئے ہیں جس میں استعمال ہونا کیپسول امپورٹڈ ہے اس میں تیز چلنے والی کوئی بات نہیں جہاں تک میری معلومات ہیں تو جب گیس استعمال ہوتی ہے تو میٹر خود بخود آہستہ چلتا ہے انہوں نے کہاکہ سوئی سدرن گیس کمپنی سردیوں کے موسم میں یونٹ کے حوالے سے عوام میں ا?گاہی مہم چلائے تاکہ لوگوں میں شعور پیدا ہو تاکہ جو مقرر کردہ یونٹ ہیں اس کے مطابق استعمال کو یقینی بنائے اور زائد بلنگ سے بچ سکے۔

اس موقع پر سیکرٹری توانائی خلیق نظر کیانی نے کہاکہ یو ایف جی زائد بلنگ اور گیس چوری جیسے معاملات ہمیں صارفین پر نہیں ڈالنے چاہئیں تاکہ تمام سسٹم کو بہتر کرکے لائن لاسز اورچوری کو روکنا چاہئے تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دستیاب ہوں اور غیر معیاری میٹریل اوربیڈ گورننس کے سدباب کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ تاکہ لوگوں کو گیس متعلق ریلیف مل سکے۔ اس موقع پر سوئی گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹرامین راجپوت نے کہا کہ ہم بھی 500 یونٹ تک مقرر کرنے کے لئے کمپنی کے اعلیٰ حکام سے بات کریں اس کے حوالے سے کام کیا جارہا ہے ضرورت ہے کہ لوگوں میں شعور اجاگر کیا جائے تاکہ لوگ سردیوں میں یونٹ کے حساب سے گیس کے استعمال کو یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :