انجینئرنگ یونیورسٹی ہری پور کیلئے 8.2 ارب کا پی سی ون منظوری کیلئے جمع، جون سے یونیورسٹی کا تعمیراتی کام شروع ہو گا

بدھ 22 مارچ 2017 22:17

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) انجینئرنگ یونیورسٹی ہری پور کیلئے 8.2 ارب روپے کا پی سی ون منظوری کیلئے جمع ہو گیا ہے، اسی سال جون سے یونیورسٹی کا تعمیراتی کام شروع ہو گا، اکتوبر 2018ء سے باقاعدہ کلاسوں کا اجراء ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وائس چانسلر ہری پور یونیورسٹی اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر علی خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی میں ابتدائی طور پر پانچ ڈیپارٹمنٹس شروع کئے جائیں گے جن میں میکا ٹرانکس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، ملٹی میڈیا، لیب ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل میڈیا انوائرمنٹ اینڈ انرجی اور کلینیکل انجینئرنگ شامل ہیں جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں فیکلٹی ممبران کو بھرتی کر کے ٹریننگ کیلئے روانہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلاسوں کے اجراء کے بعد مذکو رہ یونیورسٹی کا شمار بہت جلد پاکستان کی صف اول کی انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں ہو گا، ہریپور یونیورسٹی کیلئے 1.3 ارب روپے کا پی سی بھی تیار ہو گیا ہے جس میں ہاسٹل، لائبریری، لیبارٹیرز اور اکڈیمک بلاک سمیت دیگر شامل ہیں۔