یوم پاکستان23مارچ قومی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے، شیخ محمد ساجد

بدھ 22 مارچ 2017 21:32

گوجر خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) سلیمان فائونڈیشن کے سربراہ شیخ محمد ساجد نے کہا ہے کہ 23مارچ قومی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے اسی دن برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی آزاد مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان کو قائم کرنے کا فیصلہ قرارداد پاکستان کی صورت میں دیا تھا ،یہ دن ہمیں احساس دلاتا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے اور اس کو قائم کرنے کیلئے بر صغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ قراردادِ پاکستان میں شامل قومی مقاصد اور اہداف کا حصول ہر پاکستانی کا قومی فریضہ ہے بالخصوص حکمران طبقے کی یہ ذمہ داری ہے کہ ملکی آئین و قانون کو قرارداد پاکستان کے سانچے میں ڈھالا جائے اور پاکستان کی سالمیت و کوخود مختاری کا درست انداز میں تحفظ یقینی بنایا جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ آج اس عہد کی تجدید بھی ضروری ہے کہ ہم سب بطور پاکستانی ملکی ترقی اور وقار کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔