خیبر ایجنسی ،وادی تیراہ اور باڑہ کے قبیلہ ملک دین خیل اور ذحہ خیل کے 500 خاندانوں میں امدادی چیک تقسیم

بدھ 22 مارچ 2017 21:24

باڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء)خیبر ایجنسی وادی تیراہ اور باڑہ کے قبیلہ ملک دین خیل اور ذحہ خیل کے متاثرین دہشتگردی میں تباہ شدہ گھروںکے مزید 500 خاندانوں میں 18کروڑ77لاکھ60ہزار روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے ،مکمل تباہ شدہ گھر کے خاندان کو 4لاکھ جبکہ جزوی نقصان والے گھر کے مالک کو 1لاکھ ساٹھ ہزار روپے دئے گئے۔

چیک شاہ کس لیویز سنٹر میں تقسیم کئے گئے ۔پروگرام میں پی اے خیبر ایجنسی خالد محمود، ایڈیشنل ،ڈاریکٹر ایف ڈی ایم اے محمد ریاض دوڑ،پی اے میر رضا، ایف سی میجر عمران اور کیپٹن شہزاد کے علاوہ تحصیلدار خالد خان اور لینڈ آفیسر اکبر بھی موجود تھے۔پروگرام میں وادی تیراہ اور باڑہ کے قبیلہ ملک دین خیل ذحہ خیل میں مکمل تباہ شدہ 325اور جزوی 175گھروں کے مالکان کوچیک دئیے گئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اب تک 1660متاثرہ خاندانوں میں 56کروڑ41لاکھ روپے تقسیم کئے جاچکے ہیںجبکہ ایک ہفتہ بعد دوبارہ ایک ہزار خاندانوں میں گھروں کو مرمت کرنے کیلئے امدادی چیک دئیے جائینگے۔چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پولیٹکل ایجنٹ خیبر خالدمحمود نے کہا کہ متاثرین میں چیکوں کی تقسیم کا سلسلہ شفاف طریقے سے مرحلہ وار جاری ہے اور اخری متاثر تک جاری رہیگا، جبکہ جو متاثرہ گھر سروے سے رہ گئے ہیں پولیٹکل تحصیلدار غنچہ گل ان گھروں کی سروے کر رہا ہے اور جب ان گھروں کی سروے مکمل ہوجائیگی تو ان کو بھی امدادی رقم دی جائیگی۔