یوم پاکستان23مارچ کی تقریبات کے سلسلے میں بلوچستان صوبائی اسمبلی میں پروقار تقریب کا انعقاد

بدھ 22 مارچ 2017 21:03

کوئٹہ۔22مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) یوم پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں بلوچستان صوبائی اسمبلی میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی مہمان خصوصی اسپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی تھیں۔اس موقع پر ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی کے علاوہ چلتن ایڈونچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے بانی و سربراہ حیات اسد خان درانی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اسپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے چلتن ایڈونچرز اور کوہ شین ایڈونچرز کی مشترکہ کوہ پیماء ٹیم کو پاکستان کا سبز ہلالی پرچم حوالے کرکے روانہ کیا جو یوم پاکستان23مارچ 2017کی صبح کو بلوچستان کی بلند چوٹی کوہ زرغون پر قومی پرچم کو لہرائے گی۔

(جاری ہے)

اسپیکر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے اس موقع پر کوہ پیمائوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سبز ہلالی پرچم کی عظمت شان و شوکت ہماری پہنچان ہے۔

قومی پرچم سے محبت وطن عزیز سے بے لوث محبت کی اعلیٰ مثال ہے۔بلوچستان میں یوم پاکستان شایان شان طریقے سے بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔اسپیکر نے اس موقع پر کوہ پیماء ٹیم کو شاباش دی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے یوم پاکستان کی مناسبت سے بلوچستان کی بلند چوٹی پر قومی پرچم لہرانے پر پوری کوہ پیماء ٹیم کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان کی بلند ترین پہاڑی کوہ زرغون کی بلند چوٹی لوٹے سرنیگان پر قومی پرچم لہرانے کی مہم پر جانے والے کوہ پیمائوں میں عبدالوحید بڑیچ ،عبدالغفور ،محمد ہاشم،عنایت اللہ،رحمت الہ،نذیر احمد،امان اللہ،ظاہر شاہ،خالد احمد،عبدالوہاب،احسان اللہ،رضا چنگیزی،عاشق خان مندوخیل اور ثناء اللہ خان درانی شامل ہیں۔