ملک بھر کے کرپٹ مافیا نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف محاذ کھول دیا ہے، رئوف خان ساسولی

بدھ 22 مارچ 2017 21:03

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) جمہوری وطن پارٹی کے سابق سیکریٹری جنرل و سینئر بلوچ رہنما رئوف خان ساسولی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے کرپٹ مافیا نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف محاذ کھول دیا ہے ایسی صورتحال میں محب وطن عوام چوہدری نثار کا ساتھ دے تاکہ کرپشن میں ملوث ذمہ دار کیفر کردار تک پہنچ سکیں فوجی عدالتوں کا قیام وقت کاتقاضا اور ضرورت ہے تاکہ دہشت گردی اور جرائم کا مکمل خاتمہ ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے کی گئی ملاقات میں کیا رئوف ساسولی نے مزید کہا کہ کرپٹ عناصر اقتداری طبقہ سے تعلق رکھتے ہو ں یا پیپلز پارٹی سمیت کو ئی اور ہوں سب کے خلاف کاروائی ہو نی چاہیئے کیونکہ کرپشن کی وجہ سے جو مسائل پیدا ہو رہے ہیں اس سے قوم آگاہ ہے جب تک دہشت گردی اور کرپشن سے ملک کو پاک نہیں کیا جائے گا حالات بہتر نہیں ہوں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان پائوں سے سرتک کرپشن میں ڈوبا نظر آ رہا ہے ایف سی کو ایسے اختیارات دیئے جائیں جیسے سندھ میں رینجرز کو کرپشن اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کے لئے دیئے گئے انہوں نے کہا کہ نیب کو آزاد خود مختار ادارہ بنانے کی ضرورت ہے افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ پنجاب اور بلوچستان میں نیب کوئی صحت مندانہ کر دار ادا نہیں کر رہا ہے جس کی وجہ سے نیب سوالیہ نشان بن چکا ہے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ آنے والے عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم اب اپنی محرومیوں کے خاتمے کے لئے ایسے لوگوں کو منتخب کرے جو ان کے مسائل حل کرنے کے لئے حقیقی معنوں میں مخلص ہو ں ۔

متعلقہ عنوان :