رشوت ستانی کے الزام میں ملوث ایکسائز انسپکٹر اور کانسٹیبل کی ضمانت منظور

بدھ 22 مارچ 2017 20:03

راولپنڈی ۔22مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء)انسداد بدعنوانی عدالت نے رشوت ستانی کے الزام میں ملوث ایکسائز انسپکٹر اور کانسٹیبل کی ضمانت منظور کر لی ۔انٹی کرپشن کورٹ کے جج پرویز اسماعیل جوئیہ نے کرپشن کے الزام میں ملوث محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی کے انسپکٹر عامر مقصود بٹ اور کانسٹیبل طاہر محمود کے مقدمے کی سماعت بدھ کو کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملزمان کے وکیل کی جانب سے ملزمان کی ضمانت کی درخواست دی گئی جبکہ مدعی مقدمہ کی جانب سے مقدمہ کی عدم پیروی کی درخواست دی گئی جس پر فاضل جج نے ملزمان کی ضمانت منظور کر لی ۔ عدالت سے ضمانت کے بعد ایکسائز انسپکٹر عامر مقصود بٹ نے بتایاکہ یہ سارا کچھ غلط فہمی کی بناء پر ہوا جس کی وضاحت مدعی مقدمہ نے عدالت میں جمع کرائے گئے تحریری بیان میں کر دی ہے اور بتایاہے کہ اس نے ملزمان سے بر آمد ہونے والی رقم ٹیکس قسط کی مد میں جمع کرانے کے لیے دی تھی جو کہ رشوت نہ تھی ۔عدالت نے کرپشن الزام میں ملوث ملزمان کے وکیل راجہ نعیم کی طرف سے ملزمان کی ضمانت کی دائر کردہ درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 31مارچ تک ملتوی کر دی ۔