بنگلہ دیش کے سینئر صحافیوں اور دانشوروں کے گروپ کی خارجہ سیکرٹری سے ملاقات

بدھ 22 مارچ 2017 19:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) بنگلہ دیش کے سرکردہ میڈیا ہائوسز کے سینئر صحافیوں و دانشوروں کے گروپ نے خارجہ سیکرٹری سے بدھ کو وزارت خارجہ امور میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران خارجہ سیکرٹری نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان خصوصی تاریخی روابط استوار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجارت، تعلیم، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ خارجہ سیکرٹری نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خصوصی روابط کا حوالہ دیا جو مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہب اور اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک ہی مذہب سے جڑے ہیں۔ وفد نے پاکستان کے حوالہ سے بنگلہ دیش کے عوام کے ایسے ہی پرجوش جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں مہمان نوازی پر خارجہ سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا۔ میڈیا وفد پاکستان کے ایک ہفتہ کے دورہ پر ہے جس کے دوران وہ سینئر حکام، تھنک ٹینکس اور میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا۔

متعلقہ عنوان :