صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے نام چینی صدر کے یوم پاکستان کے موقع پر تہنیتی پیغامات

بدھ 22 مارچ 2017 19:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چی کیانگ نے صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف کو 78 ویں یوم پاکستان کے موقع پر تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔ چینی سفارتخانہ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق چینی صدر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام پیغام میں چین کی حکومت، عوام اور اپنی جانب سے 78 ویں یوم پاکستان کے موقع پر نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان کے عوام نے مختلف نوعیت کے چیلنجوں سے مؤثر طور پر نبرد آزما ہوتے ہوئے قومی سلامتی اور استحکام برقرار رکھا، سماجی و اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کی۔

انہوں نے قومی تعمیر کے اس نصب العین میں پاکستان کی پیشرفت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برس پاک۔

(جاری ہے)

چین تعلقات نے پاک۔چین اقتصادی راہداری پر بھرپور عملدرآمد کے مرحلہ کی طرف بڑھتے ہوئے تیز تر ترقی کی ہے۔ چینی صدر نے ’’ایک پٹی ایک شاہراہ‘‘ کے اقدام کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اطراف ’’مشترکہ منزل کی پاک۔

چین کمیونٹی‘‘ کی تشکیل کیلئے کوشاں ہیں، یہ دونوں ممالک اور اس کے مفاد میں ہے اور خطہ اور پوری دنیا کے امن و ترقی کیلئے بھی سازگار ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ وہ پاک۔چین تعلقات کے فروغ کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور وہ پاک۔چین سدا بہار سٹرٹیجک شراکت داری کو نئی سطح تک لے جانے کیلئے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔

چینی وزیراعظم لی چی کیانگ نے یوم پاکستان پر وزیراعظم نواز شریف کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں چینی حکومت، عوام اور اپنی جانب سے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں آپ کی قیادت نے مختلف چیلنجوں سے مناسب طور پر نبرد آزما ہوتے ہوئے قومی سلامتی، استحکام اور اقتصادی ترقی برقرار رکھنے میں نئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاک۔چین تعلقات نے تیز تر پیشرفت کی ہے بالخصوص پاک۔چین اقتصادی راہداری تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور اس نے ’’ایک پٹی، ایک شاہراہ‘‘ کے ساتھ چین اور دیگر ممالک کے مابین باہمی طور پر مفید تعاون کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت نے پاک۔چین تعلقات کو ہمیشہ سٹرٹیجک اور طویل المدت تناظر میں دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار سٹرٹیجک شراکت داری کو نئی بلندیوں سے روشناس کرانے کیلئے پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔