میرے خلاف لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد تھے، عدالتی فیصلے نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ہمارا دامن کل بھی صاف تھا اور آج بھی صاف ہے، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو

بدھ 22 مارچ 2017 19:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ میرے خلاف لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد تھے، عدالتی فیصلے نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ہمارا دامن کل بھی صاف تھا اور آج بھی صاف ہے، میں نے کوئی کرپشن نہیں کی۔ بدھ کو سنٹرل جیل اڈیالہ سے رہائی کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج کرپشن کیس میں باعزت بری ہونے پر اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا، عدالت عالیہ کی جانب سے مجھ پر قائم جھوٹے مقدمات میں باعزت بری کئے جانے کے بعد عدالتوں پر اعتماد مزید پختہ ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے آبائی علاقہ ملتان جارہا ہوں جہا ں (آج )جمعرات کو میرے بڑے بھائی کی برسی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد حق کی فتح ہوئی ہے، جھوٹ اور الزامات شکست کھا چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا میں جتنا عرصہ بطور وزیر مذہبی امور رہا ہوں حج انتظامات کو بہتر سے بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ حج اخراجات میں کمی اور حاجیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جاتی رہیں لیکن ایک مخصوص مافیا نے میرے خلاف پروپگنڈہ کیا اور مقدمہ بنایا اور اس مقدمے سے آج باعزت بری ہو چکا ہوں۔

متعلقہ عنوان :