شجرکاری مہم میں 2000پودے لگانے کا ہدف جلد حاصل کر لیاجائے گا،ڈاکٹرناطق حیات

بدھ 22 مارچ 2017 19:41

ڈی جی خان۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے کہا ہے کہ ریسکیورز کی طرف سے شجرکاری مہم جاری ہے ․ 2000پودے لگانے کا ہدف جلد حاصل کر لیاجائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے زیادہ پودے لگانے والے ریسکیورز اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کیلئے 50ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیاہے۔

انہوں نے یہ بات مرکزی سٹیشن پر اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں ، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرز ، کنٹرول روم انچارج اور سٹیشن کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے کہاکہ ریسکیورز پودے لگانے کے ساتھ ساتھ شجرکاری کے فوائد سے متعلق عوامی آگاہی بھی دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دریائوں اورنہروں کے کنارے درخت لگانے سے دریائی کٹائو میں کمی ، سیلاب اور زلزلے کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔

دریں اثناء ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر حسین میاں نے ریسکیو سٹیشن کوئٹہ روڈ پر شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ریسکیورز نے بھی مہم میں حصہ لیا․ ڈاکٹر حسین میاں نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ملک بالخصوص ڈیرہ غازیخان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے کردارادا کیاجائے۔