آزادی کے مقاصد حقیقت کی صورت میں حاصل کرنے کیلئے پلیٹ فارم پر متحد ہونا ، سخت جدوجہد کرنا پڑیگی،وزیراعلیٰ سندھ کا یوم پاکستان پر پیغام

بدھ 22 مارچ 2017 19:33

آزادی کے مقاصد حقیقت کی صورت میں حاصل کرنے کیلئے پلیٹ فارم پر متحد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) 23 مار چ یو م پاکستان کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23مارچ1940کو لاہور میں ایک تاریخی قرارداد پاس کی گئی تھی، جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیزقیادت میں جدوجہد کی اور اس جدوجہد میں لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دے کر بر صغیر میں مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان حاصل کی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تحریک آزادی کے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو آزادی کے مقاصد حقیقت کی صورت میں حاصل کرنے کے لئے نہ صرف ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑ ے گا بلکہ سخت جدوجہد بھی کرنی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا راز وہاں کی شرح تعلیم اور نوجوانوں میں قومی جذبے میں پوشیدہ ہے اور پی پی پی کی صوبائی حکومت ان دونوں اصولوں کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال 23مارچ کو شیانِ شان طریقے سے مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قوم کو باشعور بنانے کے لئے جمہوری روایات اور جمہوری اداروں کو مزید مضبوط کرنا ہے جس کے لئے پی پی پی نے ماضی میں بڑی قربانیاں بھی دی ہیں تاکہ یہاں قانون کی حکمرانی اور قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق تمام شہریوں بشمول اقلیتوں کو انصاف ، جمہوریت اور لوگوں کو معاشی آزادی میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے قوم کو متفقہ، اسلامی، جمہوری و وفاقی آئین دیا جس میں عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو لازمی قرار دیا گیا۔