بلدیاتی ادارے جاری ترقیاتی منصوبے رواں مالی سال کے دوران مکمل کرینگے ‘اے سی ایس پنجاب

لارڈ میئر لاہور کے ساتھ اجلاس میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ترقیاتی اور انتظامی چیلنجز پر تفصیلی غور

بدھ 22 مارچ 2017 19:33

بلدیاتی ادارے جاری ترقیاتی منصوبے رواں مالی سال کے دوران مکمل کرینگے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کے مختلف انتظامی ، مالی اور ترقیاتی امور کے حوالے سے ٹرانزیشن کے بعد سامنے آنے والے چیلنجزکا جائزہ لینے اور ان کے حل کے لئے موثر تجاویز تیار کرنے کے لئے ایک اہم اجلاس اے سی ایس کانفرنس روم سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا-ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے اجلاس کی صدارت کی ۔

لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد اسلم کمبوہ اورڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے لاہور میاں شکیل احمدکے علاوہ محکمہ فنانس ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق صوبے کے بلدیاتی ادارے اپنے جاری ترقیاتی منصوبوں کو ہر صورت میںرواں مالی سال کے دوران پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔

اجلاس میں مقامی حکومتوں کے نئے ڈھانچے کو مضبوط تر بنانے کے سلسلے میں موثر اقدامات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا تاکہ عوام کے مسائل کو عوام کی دہلیز پر حل کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب کی اولین ترجیح پر فوری عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے ۔