بلوچستان کے شہریوںکو ریلیف فراہم کرنے اورگیس کمپنیوں کے متعلق انکے مسائل کے حل کیلئے جلد کوئٹہ میں اوگرا اپنا دفترقائم کریگی ، چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل خان

بدھ 22 مارچ 2017 19:14

کوئٹہ۔22مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی چیئرپرسن عظمیٰ عادل خان نے کہاہے کہ بلوچستان کے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اورگیس کمپنیوں کے متعلق انکے مسائل کے حل کیلئے جلد کوئٹہ میں اوگرا اپنا دفترقائم کریگی ۔اس سلسلے میں کوئٹہ میں جگہ کاتعین کیاجارہاہے اوراخبارات میں بے قاعدہ اشتہاربھی دیاگیاہے۔

یو ایف جی گیس سیکٹر میں انتہائی اہمیت کا حامل عنصر ہے اس لئے اس کی اہمیت کے پیش نظر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس کی وجوہات سے آگاہی کا فیصلہ کیا گیا اس سلسلے میں ابھی تک اسلام آبادسمیت ملک کے مختلف شہروں میں سیشنز منعقد کئے جاچکے ہیں جبکہ کوئٹہ میں آج کے سیشن میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت حوصلہ افزاء ہے ۔

(جاری ہے)

کوئٹہ چمبرآف کامرس ،انجمن تاجران سمیت تمام صارفین کے تجاویز وسفارشات خوش آئند ہیں جس کا بغورجائزہ لیاجائے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے کوئٹہ میں یو ایف جی کے حوالے سے منعقدہ سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرممبر فنانس اوگرا نورالحق اور ایم ڈی سوئی سدرن گیس محمدامین راجپوت ،جنرل منیجر ایس ایس جی سی آغا محمد بلوچ ،سیکرٹری توانائی خلیق نظر کیانی اورکوئٹہ چیمبرآف کامرس کے صدر حاجی عبدالودود اچکزئی ،نائب صدر حاجی اختر کاکڑ، سینئر ممبر حاجی نیاز لالا ،انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا ودیگر بھی موجود تھے۔

سیشن کے آغاز پر شرکاء کو اوگرا کی جانب سے یو ایف جی کے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی کی چیئرپرسن عظمیٰ عادل خان کاکہناتھاکہ یو ایف جی گیس سیکٹر میں انتہائی اہمیت کا حامل عنصر ہے اس لئے اس کی اہمیت کے پیش نظر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس کی وجوہات اور دیگر سے آگاہی کا فیصلہ کیا گیا اس سلسلے میں ابھی تک اسلام آبادسمیت ملک کے مختلف شہروں میں سیشنز منعقد کئے جاچکے ہیں جبکہ کوئٹہ میں (آج) جمعرات کو سیشن کاانعقاد ہورہاہے جس میں لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت حوصلہ افزاء ہے ،انہوں نے کہاکہ زمینی حقائق اور دیگر کو دیکھتے ہوئے اوگرا نے بھی یو ایف جی کے حوالے سے بینچ مارک اسٹڈی کا فیصلہ کیا اس سلسلے میں بین الاقوامی شہرت کے حامل کنسلٹنٹ کی مدد لی گئی ہے جو ویب سائٹ پر صارفین کیلئے دستیاب ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ آج کے سیشن میں اسٹیک ہولڈرز کی بڑی تعداد اورانڈسٹریز ،چیمبرآف کامرس ،آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن ،میڈیا نمائندوں اور عام صارفین کی بڑی تعداد کو یو ایف جی کی تفصیلی معلومات فراہم کی گئی ہے اور اس سلسلے میں ان کے پوچھے گئے سوالات کے نہ صرف جوابات دئیے گئے بلکہ ان کے تجاویز کو بھی نوٹ کیاگیاہے جنہیں رپورٹ میں شامل کیاجائیگا ۔

انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کا سیشن بہت کامیاب رہا جس میں تمام طبقات کے لوگوں نے بھرپورشرکت کرکے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کی ہیں ،انہوں نے کہاکہ کوئٹہ اور بلوچستان میں چونکہ صنعتیں نہ ہونے کے برابر ہے اور گھریلو صارفین کی تعداد زیادہ ہے اس لئے گیس کمپنیوں کے حوالے سے ملنے والی شکایات کا بغور جائزہ لیاجائیگا اور ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی کو اس ضمن میں ہدایات جاری کی جائینگی ۔

انہوں نے کہاکہ اوگرا کی جانب سے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جلد دفتر کھولاجائیگا تاکہ یہاں کے گیس صارفین اور دیگر کی شکایات کا ازالہ ہو اور گیس کمپنیوں کے ساتھ معاملات طے کرنے میں آسانی پیداہوانہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو ہدایات جاری کی کہ سردیوں کے موسم میں بلوچستان میں سلیپ کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائیں ۔

انہوںنے کہاکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی کی جانب سے بلوچستان کے صنعت وتجارت اور انڈسٹریز سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کی جانب سے یو ایف جی بینچ مارک اسٹڈی کے حوالے سے دئیے گئے تجاویز کو حتمی رپورٹ میں شامل کیاجائیگا چونکہ یو ایف جی گیس سیکٹر میں انتہائی اہمیت کا حامل عنصر ہے ،اس لئے اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے اور تجاویز لینے کیلئے اسلام آباد سمیت تمام صوبوں میں آگاہی سیشنز کاانعقاد کیاگیاہے۔