قوم کو باشعور بنانے کیلئے جمہوری روایات اور جمہوری اداروں کو مزید مضبوط کرنا ہے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

بدھ 22 مارچ 2017 19:12

قوم کو باشعور بنانے کیلئے جمہوری روایات اور جمہوری اداروں کو مزید مضبوط ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 23 مارچ یوم پاکستانکے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ 1940ء کو لاہور میں ایک تاریخی قرارداد پاس کی گئی تھی، جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیزقیادت میں جدوجہد کی اور اس جدوجہد میں لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دے کر برصغیر میں مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان حاصل کی۔

بدھ کو جاری کردہ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تحریک آزادی کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو آزادی کے مقاصد حقیقت کی صورت میں حاصل کرنے کے لئے نہ صرف ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑ ے گا بلکہ سخت جدوجہد بھی کرنی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا راز وہاں کی شرح تعلیم اور نوجوانوں میں قومی جذبے میں پوشیدہ ہے اور پی پی پی کی صوبائی حکومت ان دونوں اصولوں کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال23 مارچ کو شایانِ شان طریقے سے مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قوم کو باشعور بنانے کیلئے جمہوری روایات اور جمہوری اداروں کو مزید مضبوط کرنا ہے جس کے لئے پی پی پی نے ماضی میں بڑی قربانیاں بھی دی ہیں تاکہ یہاں قانون کی حکمرانی اور قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق تمام شہریوں بشمول اقلیتوں کو انصاف، جمہوریت اور لوگوں کو معاشی آزادی میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے قوم کو متفقہ، اسلامی، جمہوری و وفاقی آئین دیا جس میں عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو لازمی قرار دیا گیا۔