پاکستان کے سوئٹزر لینڈ سوات کو دوبارہ سیاحوں کا مرکز بنائیں گے‘چوہدری عبدالغفو ر خان

بدھ 22 مارچ 2017 19:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوررازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی ) چوہدری عبدالغفو ر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے سوئٹزر لینڈ سوات کو دوبارہ سیاحوں کا مرکز بنائیں گے‘ سوات میں قیام ِ امن کے بعد سے عوام سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیا ر کھڑے ہیں۔وہ سوات کے ناظم اعلیٰ محمد علی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سوات کے ناخوشگوار حالات سے ملک بھر خصوصاً شمالی علاقوں میں سیاحوں کی آمد پر بد ترین اثرات مرتب ہوئے لیکن حالیہ آپریشن اور قیام ِ امن سے وادیِ سوات کی رونقیں دوبارہ بحال ہو رہی ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ دن دور نہیں جب سوات دنیا بھر کے سیاحوں کی اولین ترجیح ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سوات میں موجود پاکستان آسٹرین انسٹی ٹیوٹ آف ٹوررازم اینڈ ہوٹل منیجمنٹ سے تربیت پانے والے افراد ملک میں سیاحت کے شعبے کا وقار بلند کر رہے ہیں ۔

پی ٹی ڈی سی کے اس علاقے میں تین موٹلز اور ایک ریسٹورینٹ ہیں جو کہ چکدرہ، سیدو شریف، میاندم اور کالام کے مقامات پر واقع ہیں ۔ یہ موٹلز اس وقت سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے قائم کیے گئے جب ان علاقوں میں پرائیوٹ سیکٹر سرمایہ کاری میں ہچکچاہٹ کا شکار تھا۔ پی ٹی ڈی سی کی یہ سہولیات گزشتہ کئی دہائیوں سے سیاحوں کا اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

چوہدری غفور نے کہا کہ سوات میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر موجودہ موٹلز میں پری فیبریکیٹڈ کمروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ نئے علاقوں میں بھی نئی سہولیات قائم کی جائیں گی جس کے لئے زمین لیز پر حاصل کی جائے گی۔ پی آئی اے نے سیدو شریف ائیر پورٹ پر فلائٹس کی بحالی پر غور شروع کر دیا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی سوات کیلئے پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا ۔

ایم ڈی نے ہدایت کی کہ یومِ پاکستان کے موقع پر واہگہ سمیت تمام پی ٹی ڈی سی موٹلز میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائیں جہاں علاقے کی نمایاں شخصیات کو بطور مہمان ِ خصوصی مدعو کیا جائے۔ ناظم اعلیٰ سوات محمد علی نے کہا کہ ملک بھر میں خصوصاً سوات میں سیاحت کی ترقی کیلئے پی ٹی ڈی سی کا کردار قابل ستائش ہے جس نے قومی ادارہ ہوتے ہوئے اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھایا ہے۔ انہوں نے پی ٹی ڈی سی کو سیاحتی پراجیکٹس شروع کرنے کیلئے ضلعی حکومت کی جانب سے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :