ہزارہ یونیورسٹی میں یوم آب کے موقع پر منعقدہ سیمینار میں تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات اور سکالرز کی شرکت

بدھ 22 مارچ 2017 19:04

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں یوم آب منایا گیا۔ اس سلسلہ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات، سکالرز اور اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ یوم آب منانے کا مقصد پانی جو قدرت کی نعمت ہے، کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنا تھا۔

پانی قدرت کا انمول تحفہ ہے، پانی ضائع کرنے کے متعلق اسلامی تعلیمات بھی واضح ہیں اور پانی کو ضائع کرنے کی ممانعت کا حکم ہے۔ سیمینار میں پانی کی اہمیت اور اس کے استعمال کے متعلق مختلف شرکاء نے روشنی ڈالی اور شرکاء نے پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بارش کے پانی کو محفوظ بنا کر استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین اسلامک اینڈ ریلیجس سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر اذکیا ہاشمی حدیث نبویؐ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر دریا کے پاس بھی موجود ہوں تو اپنی ضرورت کے مطابق پانی استعمال کیا جائے، پانی کو ضائع کرنا جہاں اسراف ہے وہاں قدرتی نعمتوں کی ناقدری بھی ہے۔ سیمینار کے چیف آرگنائزر ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے طالب علم صہیب خالق تھے۔ یونیورسٹی ماڈل سکول کے بچوں نے بھی اس سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا اور پانی کی اہمیت اور افادیت کے متعلق واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں سکول کے بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ان بچوں نے مختلف پوسٹر اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پانی کے استعمال ، اس کی اہمیت اور اس کے ضیاع کو روکنے کیلئے مختلف الفاظ درج تھے۔