لاہور ہائیکورٹ ، ریلوے کو انکم اور سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی کیخلاف ایف بی آ رکی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس کیخلاف درخواست پر جواب طلب

بدھ 22 مارچ 2017 19:03

لاہور ہائیکورٹ ، ریلوے کو انکم اور سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی کیخلاف ..
لاہور۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے ریلوے کو انکم اور سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی کے خلاف فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس کے خلاف دائر درخواست پر ایف بی آر سے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ریلوے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان ریلوے باقاعدگی سے انکم اور سیلز ٹیکس ادا کرتا ہے مگر اس کے باوجود ایف بی آر نے ٹیکس نوٹس بھجوا دئیے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کو بھجوائے جانے والے ٹیکس نوٹسز ایف بی آر کا غیر قانونی اقدام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کے پاس ٹیکس کی ادائیگی کا تمام ریکارڈ موجود ہے لہذا عدالت ایف بی آر کے ٹیکس نوٹسز کو کالعدم قرار دے۔جس پرعدالت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو چو بیس مارچ کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔