صدر مملکت ممنون حسین سے پاکستان میں آغا خان کونسل کے صدر حافظ شیر علی کی ملاقات

یوم پاکستان کے موقع پر آغا خان کی طرف سے مبارکباد کا خط پیش کیا

بدھ 22 مارچ 2017 18:53

صدر مملکت ممنون حسین سے پاکستان میں آغا خان کونسل کے صدر حافظ شیر علی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آغا خان کی متاثر کن اور متحرک قیادت میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (اے کے ڈی این)، آغا خان فائونڈیشن اور آغا خان ہیلتھ سروسز کی جانب سے پاکستان میں مہیا کی جانے والی سماجی و اقتصادی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے یہ بات آغا خان کونسل کے پاکستان میں صدر حافظ شیر علی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی اور یوم پاکستان کے موقع پر آغا خان کی طرف سے مبارکباد کا خط پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر شمالی علاقوں میں اے کی ڈی این کی مسلسل مصروفیات سے ملک کے بنیادی ڈھانچہ اور عوام کی زندگیوں میں نمایاں فرق نظر آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے آغا خان کے دادا سر سلطان شاہ آغا خان کا بحیثیت آل انڈیا مسلم لیگ کے پہلے صدر، ان کی صلاحیتوں اور تحریک پاکستان میں ان کے کردار کو سراہا۔ حافظ شیر علی نے پاکستان میں جاری مختلف شعبوں اور خصوصی طور پر ہائی ایکسیلینس سکول اسلام آباد کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا خصوصی منصوبوں پر 11 جولائی 2017ء کو آغا خان کی ڈائمنڈ جوبلی کے دن کام کا آغاز کیا جائے۔ صدر ممنون حسین نے آغا خان کو ان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے دوران پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔