یوم آزادی کے موقع پرگورنرخیبرپختونخوا کی صوبے اورفاٹا کے عوام کومبارک باد ،اپنی صفوں میں اتحاد برقراررکھنے کی اپیل

بدھ 22 مارچ 2017 18:47

یوم آزادی کے موقع پرگورنرخیبرپختونخوا کی صوبے اورفاٹا کے عوام کومبارک ..
پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے خیبرپختونخوا اور فاٹا کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پیارے وطن کی سلامتی، استحکام ، یکجہتی اور خودمختاری کو ناقابل تسخیربنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں اور ان عظیم مقاصد کو عملی شکل دینے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میںانہوں نے کہاکہ یوم پاکستان ہمیں اس دن کی یاد دلاتاہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے دنیا کے نقشے پراپنے لئے ایک الگ مملکت کے قیام کا غیرمتزلزل فیصلہ کیا۔23 مارچ1940 کو منٹوپارک لاہورمیں برصغیر کے مسلمانوں کے مشترکہ عزم ودانش کی بنیاد پرکیاگیا یہ فیصلہ تحریک آزادی کیلئے بے پناہ تقویت کاباعث ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

چنانچہ اس مثالی جذبے سے سرشار ہوکرمحض اگلے سات برس کے عرصے میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے الگ مملکت کا قیام عمل میں آیا۔انہوں نے کہاکہ آج جب ہم بحیثیت قوم حالات کاجائزہ لیتے ہیں توکم وبیش ستر برس قبل بے سروسامانی کی حالت میں شروع کیاگیا یہ سفرزندگی کے ہرمیدان میں بہت سی کامیابیوں و کامرانیوں کاامین دکھائی دیتاہے۔ گوکہ ہمیں اس دوران سنگین نوعیت کی آزمائشوں کابھی سامنارہالیکن ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ ہر مرتبہ ہم کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ آزمائشوں سے لبریز حالات میں ہرنئی منزل پرہماری صفوں میں یہ قومی جذبہ پہلے سے بڑھ کر باہمی اتحاد کے استحکام کاباعث ثابت ہوا۔ یہ مسلمہ حقیقت گذشتہ دہائیوں کے دوران پیش آنے والے معروضی حقائق سے بخوبی عیاں ہے۔انہوں نے کہاکہ یوم پاکستان کایہ مبارک موقع ان عظیم ولازوال قربانیوں کی بھی یاد دلاتاہے جن کے بل بوتے نہ صرف ہم نے آزادی حاصل کی بلکہ اپنی آزادی، خودمختاری اور سلامتی بھی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

اس مبارک موقع پر میں پوری قوم خاص طور پر خیبرپختونخوا اور فاٹا کے عوام کو دلی مبارکبادپیش کرتے ہوئے یہ اپیل بھی کرتاہوں کہ وہ اپنے اس پیارے وطن کی سلامتی، استحکام ، یکجہتی اور خودمختاری کو ناقابل تسخیربنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں، بلاشبہ ان عظیم مقاصد کو عملی شکل دینے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہی تحریک آزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہوسکتاہے۔