اٹک، آفیسرز کالونی کے واجبات کی عدم ادائیگی پرواٹر سپلائی کا بجلی میٹر اتار لیا گیا

بدھ 22 مارچ 2017 18:35

اٹک22مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) اٹک کی پوش ترین آبادی آفیسرز کالونی جس کے مکین ضلع اٹک کی ضلع انتظامیہ کے افسران اور اہم سرکاری محکموں کے اہلکار ہیں میں گزشتہ تین دن سے پانی نہ ہونے کی وجہ سے رہائشی پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ تفصیلات کے مطابق اٹک شہر کی پوش ترین آبادی آفیسرز کالونی جس کے مکین گزشتہ تین دن سے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔

اس سلسلہ میں جب پانی کی کمیابی کی وجہ معلوم کی گئی تو پتہ چلا کہ محکمہ بلڈنگز نے آفیسر کالونی کو پانی کی سپلائی کے لیے موجود ٹیوب ویل کی بجلی کے واجبات ادا نہیں کیے جس کی بناء پر واپڈ ا اہلکار واٹر سپلائی کا بجلی میٹر اتار کر لے گئے ہیں۔ اس صورتحال میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس اٹک کے اہلکاروں اور افسران نے شدید احتجاج کرتے ہوئے محکمہ بلڈنگز کو ہدایت کی ہے کہ وہ واٹر سپلائی آفیسر کالونی کے ذمہ بجلی کے واجبات فوری طور پر ادا کرکے علاقے کو پانی کی سپلائی کوبحال کروائیں۔

(جاری ہے)

آفیسر کالونی کے مکینوں نے ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور آفیسر کالونی کو پانی کی سپلائی بحال کریں کیونکہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے مکین انتہائی پریشانی اور اذیت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بلڈنگز کی جانب سے بجلی کے واجبات ادا نہ کرنا نااہلی کا بین ثبوت ہے جس کے نتائج آفیسر کالونی کے مکین بھگت رہے ہیں۔ مکینوںنے کہا کہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔اس لیے آفیسر کالونی کی واٹر سپلائی فوری طور پر بحال کی جائے۔

متعلقہ عنوان :