وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد

بدھ 22 مارچ 2017 18:04

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تجدید عہد کا دن ہے، وہ عہد جو منٹو پارک میں مسلم لیگ کے بانیان نے برصغیر کے مسلمانوں کے بہترمستقبل کو یقینی بنانے کے لئے کیا تھا اور پاکستان کا قیام اسی وعدے کا ایفا اور اس سفر کا اہم ترین سنگ میل رہا۔

مسلم لیگ اپنے بانیان کی محنت، دیانت، فراست جیسی تمام اعلیِ اقدار کی امین ہے اور انہی اقدار کی پاسداری ایک اسلامی، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان قائداعظم رحمتہ اللہ علیہ کی قیادت میں اسلام کے نام پر جمہوری جدوجہد کے ذریعے حاصل کیا گیا اوراس کا مستقبل بھی اسلام کے زریں جاوداں اصولوں اور جمہوریت کی پاسداری میں ہی مضمر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ہی قائد اور اقبال کی فکر و عمل کے حقیقی وارث ہیں، تحریک پاکستان کے بعد اب مسلم لیگ کی حکومت کراچی سے خیبر تک اپنے شہریوں کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کی واحد امید اور نقیب ہے۔ وہ اس تاریخ سازدن پر اپنے قائدین کی جدوجہد کو مشعل راہ بناتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ایک اسلامی، جمہوری اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔