حکومت سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی شکایات کا ازالہ کیلئے اکائونٹنٹ جنرل آف پاکستان کے دفتر کو ای گورننس کے تحت کمپیوٹرائزڈ کر رہی ہے

پارلیمانی سیکر ٹری خزانہ رانا محمد افضل خان کی قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس کا جواب

بدھ 22 مارچ 2017 17:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) پارلیمانی سیکر ٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی شکایات کا ازالہ کیلئے اکائونٹنٹ جنرل آف پاکستان کے دفتر کو ای گورننس کے تحت کمپیوٹرائزڈ کر رہی ہے ۔ وہ بدھ کو قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس کا جواب دے رہے تھے ۔قبل ازیں رکن خالدہ منصور نے ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن کے کیسوں میں تاخیر کے حوالے سے توجہ مبذول نوٹس پیش کیا ۔

پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا کہ پنشنروں کو جلد پنشن کی ادائیگی کے حوالے سے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے۔توجہ مبذول نوٹس پر خالدہ منصور‘ شکیلہ لقمان‘ ثریا اصغر‘ پروین مسعود بھٹی اور شہناز سلیم کے سوالات کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا کہ پنشنروں کے پنشن کیسوں میں این او سی کی کوئی ڈیمانڈ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

صرف ہائوس رینٹ اور دیگر قسم کی ادائیگیوں کے حوالے سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ جمع کرانے پڑتے ہیں۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور اس کے باوجود ریٹائرڈ ملازمین کو ایک ماہ کی بھی ادائیگی میں تاخیر نہیں ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اکائونٹنٹ جنرل آفس کو بھی ای گورننس کے تحت کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سرکاری ملازمین اور پنشنروں کی شکایات کا بڑی حد تک ازالہ ہو جائے گا۔ (رڈ)