سائلین کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار اہم ہے، گورنرسندھ

بدھ 22 مارچ 2017 17:35

سائلین کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار اہم ہے، گورنرسندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام معاشرتی و سماجی مساوات اور لوگوں کو مواقع کی بلا امتیاز فراہمی یقینی بنانا، بنیادی رہنما اصول ہیں جبکہ انصاف کی فراہمی کے بغیر فلاحی معاشرہ کی تشکیل ممکن نہیں، سائلین کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام میں وکلاء تحریکوں نے قابل تحسین کردار ادا کیا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پاکستان مسلم لیگ( ن) لائرز فورم سندھ کے 40 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کی سربراہی پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم سندھ کے صدر غلام مصطفی ایڈوکیٹ کررہے تھے۔ وفد میں فیاض احمد کھوکھر ایڈووکیٹ، محمد توقیر رندھاوا ایڈوکیٹ، محمد یعقوب چوہدری ایڈووکیٹ، محمد منصف جان ایڈوکیٹ اور دعا لطیف ایڈووکیٹ سمیت دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صوبہ میں عدلیہ کے نظام اور سائلین کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء کے کردار پر تبادلہ خیال اور وکلاء برادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وکلاء سائلین کو انصاف کی فراہمی کے نظام کا لازمی حصہ ہیں، ان کے تمام جائز مسائل حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری استحکام کا مطلب قانون کی بالادستی اور مضبوط سوسائٹی ہے، وکلاء برادری نے آئین و قانون کی با لا دستی کے قیام میں بڑی قربانیاں دے کر ایک تاریخ رقم کی جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا، حکومت وکلاء کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

اس موقع پر وفد کے سربراہ نے گورنر سندھ کو بتایا کہ وکلاء تحریک کا مقصد قانون کی حکمرانی، متوسط طبقے کو مضبوط کرنا اور عام آدمی میں احساس تحفظ اجاگر کرنا مقصود تھا، ہماری تحریک کو عوام، سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ایک ایک فرد کا تعاون حاصل رہا کیونکہ وطن عزیز میں سب قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔