تعلیمی معیار میں بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ کی محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت

بدھ 22 مارچ 2017 17:35

تعلیمی معیار میں بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، وزیراعلیٰ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں اچھے افسران تعینات کئے ہیں، ہمیں تعلیم کے معیار کو پرائمری سے لے کر سکینڈری تک بہتر کرنا ہے، بند اسکول کھلنے چاہیئں اور انرولمنٹ بہتر ہونی چاہئے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہائوس میں محکمہ تعلیم سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر، چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن، سیکریٹری تعلیم عبدالعزیز عقیلی و دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تعلیمی معیار میں بہتری کے حوالے سے مجھے ہر صورت میں نتیجہ چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں میں تمام سہولیات پوری کر کے بچوں کو تدریسی عمل کا اچھا ماحول دیں، میں اسٹیٹ آف آرٹ ٹیچرز ٹریننگ اکیڈمی بنانے جا رہا ہوں، یہ کام پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس اکیڈمی سے بہترین اساتذہ ٹریننگ حاصل کر کے نکلیں گے لیکن اس سے پہلے ہمیں اسکول کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ افسوس کی بات ہے کہ 20 ہزار اسکولوں میں بیت الخلاء نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ تین ماہ کے اندر ان اسکولوں میں بیت الخلاء بنوائیں اور مجھے اس حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل معیاری تعلیم میں ہے، آپ تعلیم درست کریں گے تو دہشت گردی اور جرائم ختم ہو جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ یہ اچھی تعلیم کا فقدان ہے کہ قوم مسائل کا شکار ہے، تعلیمی نصاب کو بہتر کرنے کے اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اعلیٰ نصاب ہو گا تو بچوں میں اچھی سوچ پیدا ہو گی اور مجھے نصاب کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کریں تاکہ نصاب میں جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں تبدیلیاں لا سکیں۔

متعلقہ عنوان :